10 سالہ بچے کا اغوا اور پٹائی ‘جئے شری رام کا نعرہ لگوایا

   

نابالغ تینوں لڑکے گرفتار‘حیرت انگیز واقعہ کی تحقیقات کا آغاز
بھوپال :مدھیہ پردیش میں اندور کے لسوڑیا تھانہ حلقہ میں ایک انتہائی حیران کرنے والا جرم دیکھنے کو ملا ہے۔ لسوڑیا تھانہ علاقہ مین تین نابالغ بچوں نے 10 سالہ ایک بچے کا اغوا کیا اور اس کے بعد ننگا کر کے اس کی خوب پٹائی کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پٹائی کرنے کے بعد متاثرہ بچے سے ملزم بچوں نے ’جئے شری رام‘ اور ’پاکستان مردہ باد‘ سمیت الگ الگ طرح کے کچھ نعرے لگوائے۔ ساتھ ہی ملزم نابالغ بچوں نے متاثرہ بچے کی پٹائی کی ایک ویڈیو بھی بنائی۔پولیس کے ذریعہ دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک متاثرہ بچے کو تین نابالغ بچے ننگا کر بیلٹ سے پیٹ رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ الگ الگ طرح کے نعرے بھی لگوا رہے ہیں ۔ ملزم نابالغ بچوں نے ہی واقعہ کی ویڈیو جب وائرل کر دی تو پورے معاملے کی جانکاری لسوڑیا پولیس کو ہوئی۔ بعد ازاں لسوڑیا پولیس نے اس پورے معاملے میں ملوث تینوں نابالغ بچوں پر اغوا سمیت مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کرکے انھیں گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد ان کی کاؤنسلنگ شروع کر دی۔ پولیس نے وہ موبائل فون بھی ضبط کر لیا جس سے نابالغوں نے متاثرہ بچے کی ویڈیو بنائی تھی۔