ٹرائنیک (چیک ریپبلک)، 9 جون (آئی اے این ایس)۔ ہندوستان کی 10 سالہ کارٹ ریسنگ اسٹار عتیقہ میر نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کردیا۔ روٹیکس یورو ٹرافی جیسے بڑے عالمی کارٹنگ مقابلے کے دوسرے مرحلے میں انہوں نے نواں مقام حاصل کیا اور ٹاپ10 میں جگہ بنانے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئیں۔عتیقہ، جنہیں فارمولا ون کی طرف سے مالی اور تکنیکی تعاون حاصل ہے، اکسل جی پی ٹیم کی ڈرائیور ہیں۔ اسٹیل رنگ سرکٹ پر منعقدہ مقابلے میں عتیقہ نے ابتدائی کوالیفائنگ میں اپنی گروپ میں ساتواں مقام حاصل کی تھا۔ اگرچہ انہیں دو بمپر پینلٹی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ہیٹس کے بعد بھی وہ دسویں مقام پر رہیں۔ پری فائنلز میں بارش نے میدان کو اور مشکل بنا دیا تھا لیکن عتیقہ نے کبھی بھی اس سرکٹ پرگیلی حالت میں ڈرائیو نہیں کی تھی۔ اس کے باوجود، انہوں نے اپنی فطری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح کے بہترین ڈرائیورزکا مقابلہ کیا اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ فائنل میں جو مزید خراب موسم میں ہوا، وہ شروع میں چار مقامات سے نیچے چلی گئیں لیکن شاندار واپسی کرتے ہوئے نویں مقام پر ریس مکمل کی۔عتیقہ اس مقابلے میں سب سے آگے رہنے والی ہندوستانی اور ایشیائی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ریس کے بعد عتیقہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہ یہ ہفتہ میرے لیے ناقابلِ یقین رہا۔ میں نے دنیا کے بہترین ڈرائیورزکے ساتھ بہت کچھ سیکھا۔ خشک ٹریک پر میری رفتار اچھی تھی اورگیلے راستے پر بھی میری کارکردگی بہتر نظرآئی۔ میری ٹیم اور مکینک ایڈم نے شاندار کام کیا، میں ان کی، اپنے والدین اور وطن میں موجود تمام حمایتیوں کی شکر گزار ہوں۔ روٹیکس یورو ٹرافی (آر ایم سی ای ٹی) دنیا کے اہم ترین کارٹنگ چمپئن شپ مقابلوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں روٹیکس میکس انجن استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہ انجن عالمی سطح پر سب سے مقبول کارٹ انجنز میں شامل ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ فارمولا ون کے کئی موجودہ بڑے ڈرائیورز جیسے میکس ورسٹاپن، جارج رسل، لینڈو نورِس اور موجودہ چمپئن شپ لیڈر آسکر پیاسٹری نے بھی اپنے کیریئر کا آغاز اسی سیریز سے کیا تھا۔اس شاندار کارکردگی کے بعدان سے مستقبل میں بھی امیدیں ہیں۔