10 سال حکومت کرنے والوں کو 10 دن بھی صبر نہیں: ہنمنت راؤ

   

6 ضمانتوں کے بارے میں شبہ کی گنجائش نہیں،عوام میں بی آر ایس غیر مقبول
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے حکومت پر بی آر ایس قائدین کی تنقیدوں کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ 10 سال تک اقتدارمیں رہنے والے 10 دن صبر کرنے تیار نہیں ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ روزانہ حکومت کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ وہ اپنے بیانات کے ذریعہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ڈاؤس دورہ پر کے ٹی آر کی تنقید غیر ضروری ہے کیونکہ ریاست کے مفادات اور سرمایہ کاری کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے ڈاؤس کا دورہ کیا ۔ یہ ان کا سرکاری دورہ تھا نہ کے نجی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاؤس میں کئی بین الاقوامی اداروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا جس کے نتیجہ میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ ہنمنت راو نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کی اہمیت ختم ہوچکی ہے اور عوام کانگریس پارٹی اور حکومت پر بھروسہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو خرید کر بی آر ایس حکومت چلائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دس سال کے طویل عرصہ تک حکمرانی کرنے والے 10 دن بھی خاموش رہنے تیار نہیں ہیں۔ حکومت پر تنقیدوں کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام سے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا تھا ، ان پر حکومت عمل کریگی۔ دو ضمانتوں پر عمل آوری شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور کسانوں کی اراضیات واپس کرنے کیلئے دھرانی پورٹل پر ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ 1
انہوں نے بی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر تنقیدوں کے بجائے تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرتے ہوئے حکومت کو بہتر تجاویز پیش کریں۔ 1