10 سال میں تلنگانہ عوام کی خواہشات پوری نہیں ہوئیں

   

کانگریس کی 6 ضمانتیں عوام کی زندگی میں روشنی لائیں گی ، سونیا گاندھی کا عوام کے نام پیام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) ۔ کانگریس کی سابق قومی صدر سونیا گاندھی نے تلنگانہ کے عوام سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے عوامی جدوجہد قربانیاں لازوال اور ناقابل فراموش ہے ۔ مگر موجودہ حکمران تلنگانہ مجاہدین و ہیروز کی قدر نہیں کررہی ہے اور ناہی حکومت عوامی اُمنگوں اور توقعات پرکھرا اُتر رہی ہے ۔ میں نے آپ کی جدوجہد اس وقت دیاکھی ہے جب چار کروڑ آوازیں متحد ہو کر تلنگانہ کے نعرے سے گونج انہیں تھی ۔ علحدہ ریاست کیلئے دی گئی قربانیوں نے انہیں جھنجھوڑ دیا تھا وہ بحیثیت ماں بہت زیادہ غمزدہ تھیں اور 60 سال سے چلائی جارہی تحریک کو فل اسٹاپ لگانے اور عوای خواہشات کی تکمیل کرنے کا انہیں موقع ملنے پر وہ فخر محسوس کرتی ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے تعبیر کیلئے آپ نے جو محبت دیکھائی ہے اس سے میں بہت زیادہ متاثر ہوں میری خواہش ہے کہ میں نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے دن آپ کی آنکھوں میں جو خوشی دیکھی تھی وہ کبھی ختم نہ ہو ۔ تلنگانہ میں گزشتہ 10 سال سے آمرانہ حکومت چل رہی ہے جہاں پر عوام کو اظہار خیال کی آزادی نہیں ہے اور ناہی حکومت حصول تلنگانہ کے مقاصد کی تکمیل کر پائی ہے ۔ حکومت کی 10 سالہ کارکردگی ہیروز کی قربانیوں کیلئے بے سود ثابت ہوئی ہے ایک دہے کے دوران تحریک کی کوئی بھی خواہش پوری نہ ہو پائی ہے ۔ یہ وہ تلنگانہ نہیں ہے جس کی آپ نے توقع کی تھی ہم چاہتے تھے کہ ایک ایسا تلنگانہ ریاست بنیں جہاں سماج کے تمام طبقات یکساں طور پر ترقیافتہ ہوں اور آزادی ، عزت نفس کے ساتھ زندگی گزاریں ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ مجھے افسوس کہ وہ عوامی خواہشات پوری نہیں ہوئی ہیں ۔ ہمارے تلنگانہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا موقع اب آپ کے سامنے ہے ۔ اپنے مستقبل کی تعمیر کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے ۔ عوام کی زندگیوں میں روشنی لانے کیلئے کانگریس پارٹی نے چھ گیارنٹی کے ساتھ ساتویں ضماتن کے طور پر جمہوری حکمرانی کا وعدہ کررہی ہے ۔ میں آپ کی والدہ کے طور پر وعدہ کرتی ہوں کے کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد اندرون 100 یوم ان کانگریس کی 6 ضمانتوں کو عملی جامہ پہنادیا جائیگا ۔ انانیت کی حکمرانی کے خاتمے کیلئے عوامی حکمرانی کے قیام کیلئے اور سب سے زیادہ اس تلنگانہ کیلئے جس کا ہم نے خواب دیکھا تھا ایسے سنہرے مستقبل کیلئے عوام کانگریس کو اپنی قیمتی ووٹ دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنایئے تبدیلی کی ضرورت ہے کانگریس کو حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کریں ۔ جہاں حقیقی تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ۔ جئے تلنگانہ ، جئے کانگریس