10 قافلوں میں 1500 عازمین حج مکہ مکرمہ پہونچ گئے: صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم

   

تمام عازمین صحتیاب، عبادتوں میں مشغول، آج مزید تین قافلے جدہ کیلئے روانہ ہوں گے

حیدرآباد۔/10 جون، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ تاحال 10 قافلوں پر مشتمل 1500 عازمین حج مکہ مکرمہ پہونچ گئے ہیں اور ان تمام عازمین حج کا عمرہ بھی مکمل ہوگیا ہے۔ تمام عازمین حج صحتیاب ہیں، انہیں بہترین رہائش بھی فراہم کی گئی ہے اور سب عبادتوں میں مشغول ہیں کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہے۔ حج کمیٹی کے انتظامات سے عازمین پوری طرح مطمئن ہیں وہ اور حج کمیٹی کے عہدیدار اور عملہ حج کیمپ نامپلی میں عازمین کی ہر طرح سے مدد و رہبری کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ جدہ میں بھی حج مشن، ہندوستانی قونصل خانہ سے بھی وہ رابطہ بناتے ہوئے عازمین کی ہر لحاظ سے مدد کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ چہارشنبہ 7 جون کو حیدرآباد سے عازمین کی جدہ روانگی عمل میں آئی ہے۔ پہلے دن صرف ایک طیارہ سے150 عازمین جدہ روانہ ہوئے تھے اس کے بعد سے روزانہ تین طیاروں سے عازمین حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے جدہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ وہ حج ہاوز کیمپ میں عازمین کی سہولتوں کا جائزہ لینے کے علاوہ انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین کو سہولت فراہم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں اور ساتھ ہی وستارہ ایر لائنس کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے عازمین کو تمام سہولتیں فراہم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ وہ آج دوبارہ ایرپورٹ پہونچ کر خود عازمین کو فراہم کرنے والی سہولتوں کا جائزہ لے چکے ہیں۔ ایر پورٹ عملہ بھی عازمین سے مکمل تعاون کررہا ہے۔ ہفتہ کو تین قافلوں میں 450 عازمین جدہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ اتوار 11 جون کو بھی تین قافلے جدہ کیلئے رونہ ہوں گے۔ن