:کانگریس کے چھکے کے جواب میں بی آر ایس کی باؤنسر کی تیاری :
ایک ایکر اراضی کیلئے دو تھیلے مفت یوریا پر غور ۔ کے سی آر 16 اکٹوبر کو ورنگل کے جلسہ عام میں پارٹی منشور جاری کریںگے
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز ) حکمراں بی آر ایس تلنگانہ میں مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک حکومت تشکیل دینے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کررہی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی سے بہتر منشور جاری کرتے ہوئے عوام کی بھاری تائید حاصل کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس مرتبہ پارٹی کے سیاسی قائدین پر مشتمل منشور کمیٹی تشکیل دینے کے بجائے ماہرین سے منشور کی تیاری کا کام لیا جارہا ہے اور 16 اکٹوبر کو ورنگل کے جلسہ عام میں چیف منسٹر کے سی آر پارٹی کا انتخابی منشور جاری کریں گے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر پہلے عوام سے نئے وعدے کرنے کے بجائے موجودہ فلاحی اسکیمات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرتے ہوئے عوام سے ووٹ مانگنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم کانگریس کی جانب سے 6 گیارنٹی کا اعلان کرنے اور عوام میں اس کا مثبت پیغام پہونچنے کے بعد دوبارہ اپنے فیصلہ پر نظرثانی کی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی سے بہتر منشور جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نئی اسکیمات کا اعلان کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ یہاں تک کے بیرونی ممالک میں عمل کی جانے والی فلاحی اسکیمات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے چھکے کے جواب میں باؤنسر ڈالتے ہوئے ہیٹ ٹرک کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ آروگیا شری ۔ ایوشیمان بھارت اسکیمات کو ملاکر تمام اہل افراد کیلئے ’’آروگیا بھروسہ ‘‘ کے نام سے نیا وعدہ ’’ہیلت کارڈ ‘‘ جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ فی الحال تلنگانہ حکومت آروگیا شری اسکیم کیلئے 5 لاکھ روپئے دے رہی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے ’’راجیو آروگیا شری بیمہ ‘‘ اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے جاری کرنے کا اپنے گیارنٹی میں اعلان کیا ہے ۔ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی آر ایس حکومت ’’ہیلت کارڈ ‘‘ اسکیم کے نام سے نئی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے طبی امداد کیلئے فراہم کی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کرنے پر غور کررہی ہے ۔ ساتھ ہی کانگریس پارٹی نے 500 روپئے میں گیس سلینڈر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا عوام زبردست خیرمقدم کررہے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی 500 روپئے سے کم گیس سلینڈر فراہم کیا جاسکتا ہے کیا اس پر ماہرین سے تبادلۂ خیال کررہی ہے ۔ اس سبسیڈی اسکیم کا اعلان کرنے پر سرکاری خزانہ پر سالانہ کتنا اضافی مالی بوجھ عائد ہوگا اس پر بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے کی مفت سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے حال ہی میں آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کیا گیا ہے ۔ بی آر ایس خواتین کو آر ٹی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے دیگر نئی اسکیمات کا اعلان کرنے بھی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے بی آر ایس حکومت نے کئی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے ۔ اس کے علاوہ ہر ایک ایکر اراضی کیلئے دو یوریا کے تھیلے مفت سربراہ کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ نوجوانوں ، طلبہ کے علاوہ سماج کے ہر طبقہ کیلئے بھی چند نئی اسکیمات کا اعلان کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس مرتبہ منشور کی تیاری کیلئے بھاگ دوڑ کرنے کے بجائے بی آر ایس پارٹی خاموشی سے جہاں کانگریس کے 6 گیارنٹی کا جائزہ لے رہی ہے وہیں بی جے پی کی جانب سے جاری کئے جانے والے منشور یا بی جے پی سے ملنے والے اشاروں کا بھی انتظار کررہی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی سے بہتر منشور جاری کرتے ہوئے عوام کا دل جیتنے ریاست میں مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے جنوبی ہند میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کی منصوبہ بندی پر عمل کررہی ہے ۔ ساتھ ہی کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے بی آر ایس حکومت کے خلاف کی جانے والی تنقیدوں کا منہ توڑ جواب دینے کی حکمت عملی تیار کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیموں کو متحرک کیا گیا ہے ۔ ایک طرف حکومت کی فلاحی اسکیمات کی تشہیر کرنے کیلئے دوسری طرف بی جے پی اور کانگریس کے دور اقتدار ریاستوں کی ناکامیوں کو تلنگانہ عوام کے سامنے آشکار کرنے کیلئے سرگرم رول ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ن