کے سی آر آئندہ جنم میں بھی دوبارہ چیف منسٹر نہیں بن سکتے ۔ مودی مذہبی سیاست میںمصروف۔ اندراویلی میں ریونت ریڈی کا خطاب
نرمل /2 فروری ( جلیل ازہر ) کے سی آر اس جنم کیا آئندہ جنم میں بھی چیف منسٹر نہیں بن سکتے ۔ چھ ماہ میں حکومت گرنے کی بات کرنے والے خاندان کو عوام نے مسترد کردیا ۔ 7 لاکھ کروڑ کے قرض میں تلنگانہ کو جھونک دیا گیا ۔ سوائے خاندان کے عوام کی ترقی کو نظر انداز کرنے والے کو ترقی کی بات کرنے کا حق نہیں ہے ۔ ان خیالات کااظہار چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اندرویلی میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قبائیلی خواتین کی ترقی پر کبھی کے سی آر نے فکر نہیں کی لیکن اپنی دختر کو نظام آباد سے شکست کے بعد ایم ایل سی بنایا ۔ بیٹے کو بھانجے کو وزیر بنانا فارم ہاوز کی تعمیر کرنا جس کا وطیرہ ہے وہ کیا ریاست کی ترقی کی فکر کرے گا ۔ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے خائف ہوکر نچلی سطح پر آکر یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ حکومت تین چار ماہ میں گر جائے گی ۔ عوام کو سبز باغ دکھا کر دس سال عیش کرنے والا یہ خاندان آج کانگریس کی ضمانتوں پر تبصرہ کر رہا ہے ۔ جبکہ ہماری حکومت کے دو ماہ بھی مکمل نہیں ہوئے ہم نے دو ضمانتوں پر عمل کرکے مزید دو ضمانتوں پر عمل کی تیاری کی جس میں پانچ سو روپئے پکوان گیاس اور دو سو یونٹ بجلی مفت سربراہ کریں گے ۔ عوام کو دھوکا دینا جھوٹے وعدہ کرنا یہ کے سی آر کا کام ہے کانگریس جو کہتی ہے وہ کر دکھاتی ہے ۔ دس برس میں کئی بدعنوانیوں میں ملوث خاندان ریاست کو قرض کے دلدل میں پھنسا کر ترقی کی بات کر رہا ہے ۔ مشن بھکیرتا اور کالیشورم کے نام پر کروڑہا روپئے ہڑپ کرنے والے کے سی آر کو اب بھی اقتدار کی ہوس ہے ۔ عادل آباد کی پسماندگی کو نظر انداز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج اندرویلی کو ہیلی کاپٹر میں آرہے تھے تو کونڈا سریکھا نے علاقہ میں باؤلی کی کھدوائی کی جانب توجہ مبذول کروائی ۔ بڑا افسوس ہوا کہ ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو سراب کرنے کے بات کرنے والے چیف منسٹر کو اس پسماندہ ضلع سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ آج خواتین کی ترقی کیلئے ہم نے 7 ہزار نرسوں کا تقرر کیا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت 15 دن میں 16 ہزار پولیس ملازمین کے تقرر کی تیاری کر رہی ہے اور متحدہ ضلع عادل آباد کے آبپاشی پراجکٹ سدرماٹ و کڑم پراجکٹ کے مرمتی کام بہت جلد ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ریاست میں اندرماں راجیم قائم ہوا اسی طرح ملک میں بھی اندراما راج آئیگا ۔ آج راہول گاندھی عوام میںجاکر یاترا کر رہے ہیں ۔ ان کے خاندان کی قربانیوں کو ملک کی تاریخ فراموش نہیں کرسکتی ۔ ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا یا اور کہا کہ وزیر اعظم ہمیشہ مذہب کی سیاست کرکے ملک کے سیکورالزم کو تار تار کر رہے ہیں ۔ 15 لاکھ روپئے عوام کے اکاونٹ میں جمع کرنے اور نوجوانوں کو روزگار کا جھانسہ دے کر عوام کو مشکل میں ڈالا ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں عادل آباد پر کانگریس کا پرچم لہرائیگا۔ وزراء کے وینکٹ ریڈی، سریدھر بابو ، سیتا اکا ، کونڈا سریکھا ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرما کے علاوہ محمد علی شبیر و اراکین اسمبلی و دیگر موجود تھے ۔
تلنگانہ کابینہ کا 4 فبروری کو اجلاس
حیدرآباد 2 فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس 4 فروری کو ہوگا ۔ بجٹ سیشن سے قبل اس اجلاس میں مختلف محکمہ جات کی بجٹ تجاویز کو منظوری دی جاسکتی ہے۔ کانگریس اقتدار میں کابینہ کا یہ دوسرا اجلاس ہے ۔ کہا گیا کہ حکومت نے 8 فروری سے بجٹ اجلاس کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت سے علی الحساب بجٹ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور کابینی اجلاس میں بجٹ کو منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں6 ضمانتوں پر عمل پر تبادلہ خیال ہوگا اور اس بجٹ کی تخصیص کے متعلق احکام کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں6ضمانتوں میں 2 پر عمل کیلئے بجٹ کی تخصیص ‘ بجٹ 2024-25 میں منظوری کا منصوبہ ہے۔