آئین کے تحفظ کیلئے چوکسی کا عوام کو مشورہ،عالمی یومِ جمہوریت پر کھرگے کا بیان
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ‘عالمی یومِ جمہوریت’ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 2024 ہندوستانی جمہوریت کیلئے ایک اہم سال ہے۔ انہوں کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں ’جمہوری ڈھانچے کو تباہ کرنے، اداروں کو تباہ کرنے اور ان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منظم کوششیں کی گئی ہیں۔کانگریس صدر کھرگے نے کہا کہ 2024 میں 140 کروڑ ہندوستانیوں نے ایک ایسا مینڈیٹ دیا ہے جو ہمارے قومی تخلیق کاروں کی محنت سے تیار کردہ دیرپا اداروں پر اعتماد کو برقرار رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنی پارلیمانی جمہوریت اور آئین کی قدروں کو برقرار رکھنے اور ان کی حفاظت کرنے کے لیے زیادہ چوکنا رہنا ہوگا۔ملکارجن کھرگے نے ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت حکومت کی بہترین شکل ہے۔ یہ لوگوں کو یہ فیصلہ کرنے کا حق دیتی ہے کہ ان پر کس طرح حکومت کی جائے اور وہ اپنے رہنماؤں کو جوابدہ ٹھہرا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج جمہوریت کیلئے ایک بڑی کامیابی ہیں جس سے ہمارے دیرپا اداروں پر اعتماد بحال ہوا ہے۔عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا کہ اب ہمیں اپنے پارلیمانی جمہوریت اور آئین کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور ان کی حفاظت کرنے کے لیے مزید چوکس رہنا ہوگا جن میںہم ہندوستانی اجتماعی طور پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کے موقع پر ہمیں ہندوستان کی بنیادی روح کیلئے دوبارہ خود کو وقف کرنا چاہیے، جو انصاف، آزادی، برابری اور بھائی چارے کے اصولوں پر مبنی ہے۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2007 میں 15 ستمبر کو عالمی یومِ جمہوریت کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس دن دنیا بھر میں جمہوریت کے اصولوں کی اہمیت اور اس کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔