سان فرانسسکو، 2 جولائی (آئی اے این ایس) فیفا ورلڈکپ 2026 کے میزبان امریکہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوسنیا و ہرزیگووینا کو 2-0 سے شکست دے کر ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا۔ امریکہ کے لیے دوگول فولارن بالوگن اور مالک ٹل مین نے کیے۔ تاہم بالوگن کو دوسرے ہاف میں ریڈ کارڈ ملنے کے بعد امریکی ٹیم کو تقریباً 30 منٹ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا، لیکن اس کے باوجود میزبان ٹیم اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔ یہ بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف امریکہ کی ورلڈکپ ناک آؤٹ مرحلے میں صرف دوسری کامیابی ہے۔ اس فتح کے ساتھ امریکہ نے یورپی ٹیموں کے خلاف 12 میچوں سے جاری فتح سے محرومی کا سلسلہ بھی ختم کردیا۔ علاوہ ازیں امریکی ٹیم مسلسل چوتھی مرتبہ اپنی آخری چار ورلڈکپ شرکتوں میں پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔میچ کے آغاز میں بالوگن کا ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کردیا گیا، تاہم پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں انہوں نے مالک ٹل مین کے عمدہ تھرو پاس پر دفاعی کھلاڑیوں سے لگنے والی دو خوش قسمت ری باؤنڈزکا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کوگول کیپر نکولا واسیلج کے نیچے سے جال میں پہنچا کر امریکہ کو برتری دلائی۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں بالوگن ایک اورگول کرنے کے قریب پہنچے، لیکن ان کی شاٹ کراس بار سے ٹکرا گئی۔دوسرے ہاف کے64 ویں منٹ میں وی اے آرجائزے کے بعد طارق محرمووچ پر سخت ٹیکل کرنے کی وجہ سے بالوگن کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے بعد بوسنیا کو میچ میں واپسی کا سنہری موقع ملا۔ تاہم امریکی ٹیم نے بھرپور دفاعی کھیل پیش کیا اور میچ کے اختتامی مراحل میں مالک ٹل مین نے ایک خوبصورت فری کک پر دوسرا گول کرکے فتح یقینی بنا دی۔ اس سے چند لمحے قبل کرسچین پولیشچ کا ایک گول بھی آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کردیاگیا تھا۔کوچ موریسیو پوچیٹینوکی زیر قیادت امریکہ اب7 جولائی کو سیئٹل اسٹیڈیم میں بیلجیئم کے خلاف پری کوارٹر فائنل میچ کھیلے گا۔ اگر امریکی ٹیم اس مرحلے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ 2002 کے بعد پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کرے گی۔