10 مئی کے بعد شہر اور ریاست بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ممکن

   

حیدرآباد۔8۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے 10مئی سے تلنگانہ میں درجہ حرارت میں اضافہ اور گرم ہواؤں کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ ریاست میں گرما شدت اختیار کرسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تلنگانہ میں 10مئی سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا جو کہ اواخر مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ریاست کے بیشتر سرحدی اضلاع میں دو یوم بعد درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوز کر جائیگا اور شہر میں درجہ حرارت 38 ڈگری سے 40ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں غیر موسمی بارشوں کا آخری مرحلہ ہوگا اور خشک موسم کا سلسلہ شروع ہوگا ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر میں خشک موسم کے ساتھ ہی گرم ہواؤں اور سلسلہ شروع ہوگا ۔ ماہرین موسمیات نے 10 مئی کے بعد گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے اقدامات کا مشورہ دیا اور کہا کہ درجہ حرارت میں اضافہ اور گرما کے آخری ایام میں لو لگنے کے واقعات میں اضافہ کا خدشہ ہوتا ہے اسی لئے شدید دھوپ کے اوقات میں گھر سے نکلنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔