کابل۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغان حکومت رواں ہفتے اعتماد بحال کرنے کے لیے چند طالبان قیدیوں کو رہا کرے گی تاکہ امریکہ اور طالبان کے درمیان 2 دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کیلئے ہونے والے امن معاہدے کو کامیاب بنایا جاسکے۔رپورٹ کے مطابق 3 رکنی طالبان کی ٹیم نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود کابل پہنچ کر افغان حکام سے ملاقات کی اور قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کی۔
امریکہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے امن مرحلے میں آگے بڑھنے کے لیے ایک ہفتے قبل قطر میں طالبان اور افغان حکام سے ملاقات کے بعد ہونے والی اس پیش رفت کو ’اچھی خبر‘ قرار دیا۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ چہارشنبہ کے روز کم از کم 100 طالبان قیدیوں کو رہا کیا جائے گا جو افغان حکومت اور طالبان کے درمیان 6 ہزار قیدیوں کے تبادلے کا پہلا قدم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ایک سو قیدیوں کو پہلے مرحلے میں رہا کیا جائے گا اور پھر دونوں جانب سے دیکھا جائے گا کہ ایک روز میں سو قیدیوں کو چھوڑا جانا ٹھیک رہے گا یا نہیں‘۔