1000 میٹر گہرے غار میں پھنسا ایک بیمار امریکی ریسکیو کا منتظر

   

انقرہ : ترکیہ کے ایک غار میں پھنسے ایک امریکی محقق کو بچانے کے لیے یورپ بھر کے امدادی کارکن کوششیں کر رہے ہیں۔ غاروں پر ریسرچ کے ایک ماہر 40 سالہ مارک ڈکی ترکیہ کے ایک غار میں ایک ریسرچ کے دوران معدے میں بلیڈنگ میں مبتلا ہونے کے بعد غار کے داخلی راستے سے تقریباً ایک ہزار میٹر نیچے پھنس کر رہ گئے ہیں۔ مارک ڈکی نیو جرسی میں قائم غار وں میں پھنسے لوگوں کو بچانیسے متعلق ایک ریسکیو گروپ سے منسلک ہیں۔ ان کے بارے میں ، یورپی اسو سی ایشن آف کیو ریسکیؤرز نے بتایا ہے کہ وہ تین دوسرے امریکیوں سمیت چند دوسرے ماہرین کے ساتھ جنوبی ترکی کے ٹورس پہاڑوں کے مورکا غار میں تحقیق پر گئے تھے۔ اس دوران وہ بیمار ہو گئے اور ان کے لیے غار سے نکلنا ممکن نہیں رہا۔ یہ غارسسٹم ایک ہزار 276 میٹر گہرا ہے۔ اگرچہ امدادی کارکن ان کے پاس پہنچ چکے ہیں جن میں ہنگری کے ایک ڈاکٹر شامل ہیں جو ان کا علاج کر رہے ہیں تاہم انہیں ایک ہزار 276 میٹر گہرے غا ر سسٹم سے باہر لانے میں کچھ دن یا ممکن ہے کئی ہفتہ لگیں گے کیوں کہ غار کئی مقامات پر اتنا تنگ ہے کہ وہاں سے اسٹریچر نہیں گزارا جا سکتا۔