پولیس ملازمین کو ’’ہفتہ واری چھٹی‘‘ کی خوشخبری
حکومت کی جانب سے اندرون چند یوم احکام کی اجرائی کا امکان، سرکاری ذرائع کا بیان
حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پولیس ملازمین کو ’’ہفتہ واری چھٹی‘‘ (ویکلی آف) کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عمل میں ریاستی پولیس نظم و نسق کی جانب سے تیزی پیدا کردی گئی ہے اور ریاستی تلنگانہ حکومت نے اپنے دیئے گئے تیقن کو پیش نظر رکھتے ہوئے آئندہ دو چار یوم میں ہی ریاست تلنگانہ کے پولیس ملازمین کو راحت و سکون بہم پہونچانے کے مقصد سے ہفتہ واری چھٹی کی خوشخبری دیتے ہوئے اس سلسلہ میں احکامات جاری کرنے کی قوی توقع پائی جاتی ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو زبانی ہدایات دے دی گئی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ تمام یونٹ آفیسرس کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔ اسی دوران مزید بتایا گیا کہ نارتھ زون انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ناگی ریڈی جوکہ ویسٹ زون تلنگانہ کے بھی انچارج ہیں۔ دونوں زونس کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو پولیس ملازمین کو ہفتہ واری چھٹی سے متعلق ضروری ہدایات دے چکے ہیں اور ہر پولیس اسٹیشن میں پائے جانے والے جملہ اسٹاف کی تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہر ہفتہ میں ایک دن ہر ملازم کو چھٹی فراہم کرنے کے شیڈول کو مرتب کرلینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ناگی ریڈی نے ڈیوٹی روسٹر چارج میں ایک خصوصی کالم رکھتے ہوئے ہر روز دو یا تین ملازمین کو ہفتہ واری چھٹی مقرر کرنے کی ہدایات دی ہیں اور اس بات کا بھی مشورہ دیا کہ ہر ایک سے کس دن ہفتہ واری چھٹی حاصل کریں گے رائے حاصل کرکے ان کی خواہش کے مطابق ہی چھٹی فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ کسی کو ناراضگی کا موقع فراہم نہ ہوسکے۔ علاوہ ازیں اگر زاید تعداد میں مخصوص دن چھٹی کا اصرار کئے جانے کی صورت میں لاٹری (قرعہ اندازی) کے طریقہ کار پر بھی عمل کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ہفتہ واری چھٹی کی فراہمی سے متعلق ملازمین کی رضامندی حاصل کرلیکر اس کے مطابق پولیس ملازمین کے ہفتہ واری چھٹی کا چارٹ بھی مرتب کرلینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اور مرتب کردہ چارٹ و مکمل تفصیلات پر ممبنی رپورٹ کو دفتر ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو روانہ کرنے کا تمام ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور یونٹ آفیسرس کو مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ پولیس ملازمین کو بہتر انداز میں اپنی ڈیوٹی کی انجام دینے کے لئے انھیں راحت و سکون فراہم کرنے کو یقینی بنانے کیلئے خود وزیرداخلہ مسٹر محمد محمود علی نے اعلیٰ عہدیداران پولیس سے تبادلہ خیال کرکے اپنی بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کرکے اعلیٰ عہدیداران پولیس کو ضروری ہدایات دی ہیں جس کی وجہ سے ہفتہ واری چھٹی کی فراہمی کے عمل میں اعلیٰ عہدیداران پولیس نے بھی خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس عمل کو پورا کرنے کے اقدامات میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔