تعلیمی ادارے طلبہ میں اخلاقی اقدار کو فروغ دیں

,

   

مفخم جاہ انجینئرنگ کالج کے گریجویشن ڈے سے نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 29 جون (سیاست نیوز) نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج تعلیمی اداروں اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ اختراع پر توجہ دیں۔ آج یہاں مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے گریجویشن ڈے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ٹکنالوجی میں پیشرفت بڑی اہمیت کی حامل ہے لیکن ہر ٹکنالوجی پیشرفت ایسی ہونی چاہئے جس سے مسائل سے نمٹا جاسکے جیسے موسمی تبدیلی، آلودگی، صنعتوں میں تیزی سے اضافہ، شہری علاقوں میں اضافہ، پانی کی قلت اور بعض علاقوں میں کسانوں کو درپیش مشکلات اور چیلنجس سے نمٹا جاسکے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہیکہ زراعت کو منفعت بخش بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل کے مشعل برداروں کو تیار کرنے میں اعلیٰ تعلیم کا اہم رول ہوتا ہے۔ اس لئے اعلیٰ تعلیم کے اداروں کیلئے یہ ضروری ہیکہ وہ طلبہ میں حب الوطنی، دیانتداری، سماجی ذمہ داری، ڈسپلن، ہمدردی، خواتین کا احترام کرنے کے اقدار کو پروان چڑھائیں۔ اقدار پر مبنی کورسیس شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ کو روایتی اقدار کا حامل بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اعلیٰ معیار کی برقراری کی جستجو میں معیار کے بجائے کوانٹیٹی کی دوڑ میں ہیں جوافسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے برسوں بعد دنیا میں ایک بڑے سافٹ ویر سرویس پروائیڈر کا مقام بنایا ہے اور حیدرآباد اور بنگلور اس شعبہ میں اہم مراکز بن گئے ہیں۔ تاہم اس بات کو یاد رکھیں کہ ٹکنالوجی میں مسلسل تبدیلی ہورہی ہے اور ہمیں اس بات کو ملحوظ رکھنا ہوگا اور اس کیلئے طلبہ میں سائنسی جذبہ اور آر اینڈ ڈی اسکلس پیدا کرنا ہوگا۔ گگن یان پروگرام کا تذکرہ کرکے انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ اس پروگرام میں وہ اپنا اہم رول ادا کرنے آگے آئیں۔ اس تقرب سے تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے بھی مخاطب کیا اور طلبہ کو مفید مشورے دیئے۔