سویڈن 24 سال بعد جرمنی کو ہراکر عالمی کپ سیمی فائنل میں

   

رینیس (فرانس)۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام ) سویڈن نے ایک گول سے پچھڑنے کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے 2-1 کی فتح کے ساتھ دو بار فیفا خاتون ورلڈ کپ چمپئن جرمنی کو ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھا کر چوتھی بار سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔پیٹر گیرھارڈسن کی ٹیم کی 24 برسوں میں جرمنی کے خلاف یہ پہلی جیت بھی ہے ۔ آخری بار سویڈن نے سال 1995 عالمی کپ میں جرمنی کو شکست دی تھی۔بینچ پر بیٹھی زخمی جینیفر ماروسان کے پہلے ہاف میں باہر ہونے کے باوجود جرمنی نے اچھا آغاز کیا اور لینا منگول نے ٹیم کے لیے اوپننگ گول کرتے ہوئے 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے 16 ویں منٹ میں لینا نے سارہ ڈابرٹذ کے پاس پر یہ گول کیا۔اگرچہ صوفیہ جاکوبسن نے گیند کو قبضے میں لیتے ہوئے جرمن کیپر ایلمتھ شلٹ کو ڈاج دے کر 22 ویں منٹ میں سویڈن کے لیے برابری کا گول داغ دیا۔ چین کے خلاف میچ میں انگوٹھا زخمی کر بیٹھیں ماروسان کو پھر دوسرے ہاف میں بھیجا گیا لیکن میچ کے دوبارہ شروع ہونے کے تین منٹ بعد ہی سویڈن نے برتری کا گول داغ دیا۔فریڈولنا رولفو کے زبردست ہیڈر کی مدد سے ا سٹینا بلیکسٹنیس نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا دیا۔ ماروسان اضافی وقت میں گول کا بہترین موقع گنوا بیٹھیں جب ان کا شاٹ وائڈ چلا گیا، اسی کے ساتھ سویڈن نے ایک گول کی برتری کے ساتھ چوتھی بار عالمی کپ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔اس جیت کے ساتھ سویڈن سیمی فائنل میں گزشتہ چمپئن امریکہ، انگلینڈ اور ہالینڈ کے ساتھ شامل ہو گیا ہے ۔ اس سے پہلے سرینا وگمین کی ہالینڈ نے اٹلی کو ویلنسیا میں ہوئے مقابلے میں 2-0 سے شکست دے دی۔سرفہرست امریکہ کا اگلے منگل کو انگلینڈ سے جبکہ ہالینڈ کا آخری چار میں اب سویڈن سے مقابلہ ہو گا۔