پاکستان سے ہندوستانی ہائی کمشنر اجئے بساریہ واپس

   

نئی دہلی 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہائی کمشنر برائے پاکستان اجئے بساریہ ہندوستان واپس ہوچکے ہیں۔ چند دن قبل پاکستان نے انہیں خارج کردیا تھا اور ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کو گھٹا دیا تھا ۔ ذرائع نے کہا کہ بساریہ دہلی واپس ہوچکے ہیں کیونکہ پاکستان نے ہندوستان کی اس درخواست کو قبول نہیں کیا کہ وہ سفارتکار کو نکالنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔ پاکستان نے پہلے ہی یہ واضح کردیا تھا کہ وہ ہندوستان میں اپنے نو تقرر شدہ ہائی کمشنر معین الحق کو ہندوستان روانہ نہیں کریگا ۔معین الحق کو سابق پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو پاکستان میں معتمد خارجہ بنائے جانے کے بعد ہندوستان میں ہائی کمشنر مقرر کیا گیا تھا ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ بساریہ ہفتے کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے اور براہ دوبئی وہ نئی دہلی پہونچے ہیں۔ پاکستان نے بساریہ کو چہارشنبہ کو ملک چھوڑ دینے کو کہا تھا ۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے جموںو کشمیر کو خصوصی موقف دینے والے دفعہ 370 کو حذف کردیا تھا جس پر پاکستان نے برہم رد عمل ظاہر کرتے ہوئے یہ اقدامات کئے تھے ۔