مستقبل قریب میں ’’اسمارٹ پری پیڈ الیکٹریسٹی میٹرس‘‘ کی تنصیب

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 19 اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں مستقبل قریب میں ہر گھر کیلئے ’’اسمارٹ پری پیڈ الیکٹریسٹی میٹرس‘‘ کے ذریعہ برقی سربراہ کرنے کیلئے ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل اقدامات کرے گی۔ بتایا جاتا ہیکہ اب تک ہی ریاست میں سرکاری دفاتر، ہاسپٹلس، پارکس وغیرہ میں پری پیڈ برقی میٹروں کی تنصیب عمل میں لانے کے بعد اب ریاستی محکمہ برقی اس پر خصوصی توجہ دے رہا ہے اور بتایا جاتا ہیکہ جیڈی میٹلہ انڈسٹریل علاقہ میں 8,800 گھریلو صارفین کو سنگل فیز میٹرس تبدیل کرکے اسمارٹ گرڈ پراجکٹ کو روبہ عمل لانے والے ڈسکام نے مزید 40 ہزار اسمارٹ پری پیڈ میٹرس کو استعمال میں لانے کیلئے کوشاں ہے۔ اور ای ای ایس (انرجی ایفیشینس سرویس لمیٹیڈ) کے ذریعہ 40 ہزار اسمارٹ پری پیڈ برقی میٹرس 20 کروڑ کے مصارف سے خریدی کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور بالخصوص یہ پری پیڈ اسمارٹ برقی میٹرس سب سے پہلے زیادہ برقی کا استعمال کرنے والے زمرہ 1C کے صارفین کو فراہم کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ عصری ٹیکنالوجی کے ذریعہ تیار کردہ اسمارٹ پری پیڈ میٹرس کی دستیابی پر عمل آوری کرنے کے نتیجہ میں ری چارج کرنے کے طریقہ کار سے محکمہ برقی کو بلز قبل از وقت ہی ادا کرنے سے رقومات حاصل ہوں گی۔ برقی عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ڈسکام حدود میں مرحلہ وار اساس پر مکمل سطح پر اسمارٹ پری پیڈ میٹرس کی تنصیب کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
ان عہدیداروں کے مطابق مزید بتایا جاتا ہیکہ برقی سرقوں کے واقعات کا انسداد کرنے کیلئے ہی زیادہ سے زیادہ برقی استعمال کے علاقوں میں پری پیڈ اسمارٹ برقی میٹرس کی تنصیب عمل میں لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ زیادہ سے زیادہ برقی استعمال کئے جانے والے علاقوں میں موجودہ عام نوعیت کے میٹرس کے ذریعہ برقی سرقہ کرنے کے کسی نہ کسی طریقہ سے امکانات پائے جارہے ہیں لیکن اب جبکہ پری پیڈ اسمارٹ برقی میٹرس کی تنصیب عمل میں لائے جانے کے بعد برقی سرقوں کے واقعات کا ہر لحاظ سے تدارک ہوجائے گا اور محکمہ برقی کو برقی استعمال کے لحاظ سے برقی بلز بھی حاصل ہوں گے بلکہ محکمہ برقی کو ہونے والے خسارہ میں بھی کمی واقع ہوگی۔