’ہندوستان اقلیتوں کیلئے جنت اور پاکستان جہنم ثابت ہوا ہے‘

,

   

اقلیتوں کو معیاری تعلیم، ہنر اور ملازمتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات، تمام موقوفہ جائیدادوں کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل جاری : مختار عباس نقوی

نئی دہلی 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ ہندوستان تمام اقلیتوں کے لئے ایک جنت ہے جبکہ پاکستان اس معاملہ میں جہنم ثابت ہوا ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ حکومت بشمول اقلیتیں تمام ضرورت مند شہریوں کو معیاری تعلیم اور روزگار کے ضامن ہنر سکھانے کے لئے جنگی خطوط پر کام کررہی ہے۔ قومی اقلیتی ترقیاتی اداروں اور فینانس کارپوریشنوں کی سالانہ ریاستی کانفرنس اور سلور جوبلی تقریب سے خطاب کے دوران نقوی نے کہاکہ شمولیاتی ترقی اور مثبت اجتماعی خوشحالی کے لئے ہندوستان کو عالمی سطح پر رول ماڈل بنانے کا کریڈٹ وزیراعظم نریندر مودی کو دیا جانا چاہئے۔ نقوی نے کہاکہ اقلیتوں کے لئے ہندوستان ایک جنت اور پاکستان ایک جہنم ثابت ہوا ہے۔ سماج کے ہر ضرورت مند فرد کو قابل رسائی، روزگار پر مبنی ہنرمندی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے مودی حکومت جنگی خطوط پر کام کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’حکومت کی ترجیح بشمول اقلیتیں، سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے ہر ضرورت مند فرد کو قابل رسائی و معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ روزگار پر مبنی ہنر سکھاتے ہوئے اُنھیں بااختیار بنارہی ہے۔ نقوی نے کہاکہ نیشنل مائناریٹی ڈیولپمنٹ فینانس کارپوریشن کی طرف سے گزشتہ پانچ سال کے دوران 8.30 لاکھ استفادہ کنندگان میں مختلف معاشی سرگرمیوں کے تحت 3000 کروڑ روپئے کے قرض دیئے گئے۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ اس حکومت کے پہلے دن سے وزارت اقلیتی اُمور تمام اقلیتوں کو تعلیمی و معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے مؤثر انداز میں کام کررہی ہے۔ مدرسوں کو اصل دھارے کے تعلیمی نظام سے مربوط کرنے کے لئے مختلف ریاستوں کے مدرسوں سے وابستہ 150 ٹیچروں کو اس وزارت کی طرف سے تربیت دی گئی ہے۔ جین، پارسی، بدھی، عیسائی اور مسلمان جیسی چھ مسلم اقلیتی برادریوں سے وابستہ 10 لاکھ طلبہ کو پری میٹرک، پوسٹ میٹرک، میٹرک ۔ کم ۔ فیس اور دیگر اسکالرشپس دیئے گئے ہیں۔ نقوی نے مزید کہاکہ ’آئندہ پانچ سال کے دوران ہم مزید پانچ کروڑ طلبہ کو اسکالرشپس دیں گے۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے 3.18 کروڑ طلبہ کو اسکالرشپس دیئے گئے جن میں 60 فیصد لڑکیاں تھیں‘۔ اُنھوں نے کہاکہ وزارت اقلیتی اُمور کے زیراہتمام آئندہ پانچ برسوں کے دوران ملک بھر میں ’ہنر ہاٹ‘ منعقد کئے جائیں گے تاکہ ماہر کاریگروں اور ہنرمندوں کو مارکٹ، روزگار اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ وزیر اقلیتی اُمور نے کہاکہ ملک بھر میں وقف جائیدادوں کی تفصیلات کمپیوٹر پر لانے اور ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کا کام مکمل کیا جارہا ہے۔ نقوی نے کہاکہ ملک بھر میں چھ لاکھ درج رجسٹر وقف جائیدادیں ہیں جن کی جیو ٹیاگنگ کے لئے جنگی خطوط پر کام کیا جارہا ہے۔ اوقافی جائیدادوں کو ڈیجیٹل بناتے ہوئے اُنھیں معاشی طور پر کمزور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ وقف جائیدادوں کو جی آئی ایس / جی پی ایس سے ہم آہنگ و مربوط کرنے آئی آئی ٹی رورکی اور علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی مدد سے کام شروع کیا گیا ہے۔