11 نومبر کو آٹھ اسمبلی سیٹوں کیلئے ضمنی انتخابات ہوں گے

   

نئی دہلی ۔ 6 اکتوبر ۔ (یو این آئی)بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے ساتھ ہی مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی دو اسمبلی سیٹوں اور چھ ریاستوں کی چھ اسمبلی سیٹوں کیلئے ضمنی انتخابات 11 نومبر کو ہوں گے ۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی بڈگام اور نگروٹا سیٹوں کے علاوہ راجستھان کے انت، جھارکھنڈ میں گھاٹشیلا، تلنگانہ میں جوبلی ہلز، پنجاب میں ترن تارن، میزورم میں ڈمپا اور اڈیشہ میں نوپاڈا میں ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی اور 14 نومبر کو گنتی ہوگی۔ تمام آٹھ سیٹوں کیلئے گزٹ نوٹیفکیشن 13 اکتوبر کو جاری کیے جائیں گے ۔ جموں و کشمیر کی دو اور اڈیشہ کی ایک سیٹ کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر ہوگی۔ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہوگی، جب کہ نامزدگی واپس 24 اکتوبر تک واپس لی جا سکتی ہے ۔جھارکھنڈ، میزورم، پنجاب اور تلنگانہ کی سیٹوں کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اکتوبر ہے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہوگی اور امیدوار 24 اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ راجستھان میں ایک سیٹ کیلئے نامزدگی کی آخری تاریخ 21 اکتوبر ہے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 23 اکتوبر کو ہوگی، اور 27 اکتوبر تک نامزدگی واپس لی جا سکتی ہے ۔ جموں و کشمیر کی بڈگام سیٹ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے استعفیٰ سے خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں بڈگام کے ساتھ گاندربل سیٹ جیتی تھی اور بعد میں بڈگام سیٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی نگروٹا سیٹ بی جے پی کے ایم ایل اے دیویندر سنگھ رانا کی موت کے بعد خالی ہوئی تھی۔