11 کشتیوں پر مشتمل ایک اور فلوٹیلا غزہ کیلئے روانہ

,

   

گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل تمام کارکنوں کو جلد ملک بدر کر دیا جائے گا :اسرائیل

یروشلم، 3اکتوبر (یواین آئی) بین الاقوامی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی) نے جمعرات 2 اکتوبر کو بتایا کہ مزید 11 کشتیاں غزہ کی پٹی کی جانب روانہ ہو چکی ہیں تاکہ برسوں سے جاری اسرائیلی محاصرے کو للکارا جا سکے ۔ ایف ایف سی نے ایک بیان میں بتایا کہ اٹلی اور فرانس کے جھنڈوں کی حامل 2 کشتیاں 25 ستمبر کو اوترانتو (اٹلی) سے روانہ ہوئیں اور 30 ستمبر کو ایک اور ‘کنشینس’ نامی کشتی کے ساتھ جا ملی ہیں۔ بیان کے مطابق، یہ کشتیاں جلد ہی 8 کشتیوں پر مشتمل ایک اور قافلے ‘تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ’ سے ملنے والی ہیں، دونوں گروپ مل کر غزہ کیلئے 11 کشتیوں کا قافلہ تشکیل دیں گے ۔ فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق، اس وقت تقریبا 100 افراد کشتیوں پر سوار ہیں جو کریٹ (یونان) کے ساحل کے قریب موجود ہیں۔ 2008 میں قائم ہونے والی ایف ایف سی اب تک درجنوں مشنز شروع کر چکی ہے جن کا مقصد امداد پہنچانا اور اسرائیلی محاصرے میں جکڑی غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا ہے ۔ یہ نیا قافلہ اس واقعے کے اگلے ہی دن روانہ ہوا ہے جب اسرائیلی بحری افواج نے غزہ جانے والی 42 کشتیوں پر حملہ کر کے انہیں قبضے میں لے لیا اور ان پر سوار 450 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ قابض طاقت کے طور پر اسرائیل اس سے پہلے بھی غزہ جانے والی کشتیوں پر حملے کر چکا ہے ، ان کا سامان ضبط اور کارکنوں کو ملک بدر کیا گیا۔ اسرائیل نے تقریبا 18 برس سے تقریبا 24 لاکھ کی آبادی والے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور مارچ میں اس محاصرے کو مزید سخت کرتے ہوئے سرحدی راستے بھی بند کر دیے ، جس سے کھانے پینے اور دوائیوں کی ترسیل روک گئی اور غزہ مزید قحط پھیل گیا۔غزہ کیلئے امدادی گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی بھی اسرائیلی حکام نے روک لی، جبکہ پہلے سے گرفتار چار اطالوی کارکنوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے ۔ گرفتار کارکنوں نے احتجاجاً غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے ۔غزہ کیلئے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی اسرائیلی حکام نے روک لیا ہے ، ساتھ پہلے سے گرفتار رضاکاروں میں سے 4 اطالوی کارکنوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے ۔ اسرائیلی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے 4 اطالوی شہریوں کو ملک بدر کر دیا ہے جبکہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل بقیہ کارکنوں کو بھی جلد ملک بدر کر دیا جائے گا۔ اسرائیلی فوج نے جنگ زدہ غزہ کا محاصرہ توڑنے کی کوشش کرنے والے پورے امدادی فلوٹیلا کو روک کر درجنوں کشتیوں سے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ جمعہ کی صبح گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی پر بھی اسرائیلی فورسز نے زبردستی چڑھائی کر دی، پولینڈ کے جھنڈے والی ‘میرینیٹ’ کشتی پر 6 افراد موجود تھے ۔
غزہ کا محاصرہ توڑنے کیلئے قائم بین الاقوامی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ کئی گرفتار کارکنوں نے اپنی گرفتاری کے ساتھ ہی ‘غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال’ بھی شروع کر دی ہے ۔ اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے ، وزارت خارجہ نے گرفتار کیے گئے تمام 461 کارکنوں کے ‘محفوظ اور صحت مند’ حالت میں ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔