حیدرآباد ۔10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن نے بھونگیر ضلع میں 110 سالہ مجاہد آزادی کے بارے میں ضلع کلکٹر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ان کی مناسب نگہداشت کی ہدایت دی۔ میڈیا کے بعض گوشوں میں شائع شدہ خبروں پر کارروائی کرتے ہوئے تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن نے 6 اپریل تک رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ مجاہد آزادی یادگری کی حالت ابتر ہے اور حکام کی جانب سے ان کی مناسب نگہداشت کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ 110 سالہ مجاہد آزادی کو بوڈ اپل کے ایک خانگی اولڈ ایج ہوم میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجاہد آزادی کے پاس 50 ایکر اراضی تھی جسے انہوں نے اپنے 4 فرزندان اور 2 دختران میں کئی سال قبل تقسیم کردیا۔ انہوں نے مکان کی تعمیر کیلئے فرزند کو 25 لاکھ روپئے کی مدد کی تھی۔ پراپرٹی کی منتقلی کے بعد بیٹوں نے مجاہد آزادی کو نظر انداز کردیا اور انہیں جسمانی طور پر اذیت دی جانے لگی۔ میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ مجاہد آزادی کی عمر کی پرواہ کئے بغیر انہیں گھر سے بیدخل کردیا گیا۔ افراد خاندان کی ہراسانی سے تنگ آکر مجاہد آزادی اولڈ ایج ہوم میں قیام کر رہے ہیں۔ انسانی حقوق کمیشن نے ضلع کلکٹر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجاہد آزادی کی مناسب دیکھ بھال کا مشورہ دیا۔1