بابری مسجد فیصلہ: 9دسمبر سے قبل نظر ثانی کی اپیل داخل کی جائے گی: ظفریاب جیلانی، جمعیۃ علماء ہند بھی ریویو پٹیشن داخل کرے گی۔

,

   

لکھنؤ: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری ظفریاب جیلانی نے کہا کہ وہ ایودھیا اراضی ملکیت مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف 9دسمبر سے قبل نظرثانی کی اپیل داخل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پرسنل لاء بورڈ سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن داخل کرنے کے اپنے فیصلہ پر اٹل ہے۔

وا ضح رہے کہ سنی سنٹرل وقف بورڈ نے فیصلہ کیا کہ وہ فیصلہ کے خلاف ریویو پٹیشن داخل نہیں کریں گے۔ تاہم ابھی یہ طے کیا جانا باقی ہے کہ متبادل پانچ ایکر اراضی قبول کیا جائے گی یا نہیں۔ پولیس مسلم فریقین کو دھمکی دے رہی ہے کہ اگر وہ ریویو پٹیشن داخل کرے گی تو انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔ پولیس کے اس رویہ کا ذکر اس درخواست میں بھی کیا جائے گا کو سپریم کورٹ میں داخل کی جانے والی ہے۔ دوسری جانب جمعیۃ علماء ہند نے بھی ریویو پٹیشن داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر جمعیۃ علماء مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ 3 یا4دسمبر کو پٹیشن داخل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریویو پٹیشن داخل کرنے کا مقصد ملک کی قومی یکجہتی کو خراب کرنا نہیں ہے بلکہ قانون نے جو مراعات ہمیں دی ہے اس سے استفادہ کرنا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کروڑوں عوام کے لئے ناقابل فہم ہے۔