حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے شوقیہ گلوکاری موبائیل اپلیکیشن کے ذریعہ شادی شدہ خاتون جو طویل عرصہ سے لاپتہ ہوگئی تھی، اس کا کامیاب طور پر پتہ لگا لیا ہے۔ 33 سالہ خاتون جس کا ایک بچہ بھی ہے، کچھ ماہ قبل اچانک لاپتہ ہوگئی تھی اور پولیس نے اس سلسلہ میں گمشدگی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس کے فون کے ذریعہ اس کا پتہ لگا لیا۔ پولیس نے بتایا کہ لاپتہ خاتون نے کئی ہفتوں تک اپنا موبائیل فون رکھا اور بعدازاں اس فون کا استعمال کیاب ڈرائیور کو فون کرنے کیلئے کیا۔ پولیس نے اس نمبر کے ذریعہ خاتون کا بنگلور میں ہونے کا پتہ لگایا اور سائبرآباد پولیس کی ایک ٹیم نے خاتون اورکیاب ڈرائیور کو شہر منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ گمشدہ خاتون کو گلوکاری کا شوق تھا اور اس نے شوقیہ گلوکاروں کا ایک موبائیل ایپ ڈاؤن لوڈ کیا تھا جس کے ذریعہ وہ کیاب ڈرائیور سے تعلقات قائم کئے تھے۔ پولیس نے دونوں کو شہر منتقل کرنے کے بعد کونسلنگ کرکے انہیں رہا کردیا۔