کراچی۔31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم میں حسن علی اور فہیم اشرف کے فٹنس مسائل کی وجہ سے نسیم شاہ اور موسی خان جیسے نوجوان کرکٹرز نے ٹسٹ میچ کھیل لئے۔فہیم اشرف نے فٹ ہونے کے بعد قائد اعظم ٹرافی فائنل میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ٹسٹ فاسٹ بولرحسن علی کی فٹنس پر بدستور سوالیہ نشان ہے اور پاکستان سوپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی سے قبل انہیں اپنی فارم اور فٹنس کو منوانا ہوگا۔ 6اور 7 جنوری کو لاہور میں سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹسٹ ہو گا ، ٹسٹ میں حسن علی کی شرکت کے امکانات نہیں ہیں۔ حسن علی کا ری ہیب پروگرام 12 جنوری کو مکمل ہو گا۔ری ہیب پروگرام مکمل ہونے کے بعد دوبارہ اسکین ہو گا پی سی بی ذرائع نے کہا ہے کہ کرکٹر حسن علی کا اسکین جنوری کے دوسرے ہفتے میں ہو گا۔ پسلیوں کی تکلیف کا شکار حسن علی ری ہیب پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔ ڈاکٹراسکین کی رپورٹ دیکھ کر ان کی مکمل فٹنس کا جائزہ لیں گے۔حسن علی نے دو روز کی چھٹی لی تھی یکم جنوری سے دوبارہ ٹریننگ شروع کریں گے ۔ ہندوستانی نژاد اہلیہ دبئی میں رہتی ہیں اس لئے وہ اکثر چھٹیاں لے کر بیرون ملک جاتے ہیں۔