اندور۔10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے سری لنکا کیخلاف کامیابی میں نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں انہیں مزید مواقع دیئے جانے کی بات دہرائی ہے۔گوہاٹی میں پہلا ٹوئنٹی 20 خراب موسم سے منسوخ ہونے کے بعد ہندوستان نے دوسرا میچ اندور میں جیت کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔ کوہلی نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم کے کھلاڑی آگے آئیں اور دباو میں میچ جیتنا سیکھیں۔ میرے چوتھے نمبر پر جانے سے بھی مدد ملی۔ میں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی وانکھیڑے میں ایسا کیا تھا۔ ساتھ ہی ضروری ہے کہ ہم نوجوان کھلاڑیوں کو خود کو ثابت کرنے کے لئے مزید موقع دیں۔ تجربہ کار جسپریت، بھونیشور اور شاردل کی موجودگی ٹیم کے لئے مثبت اشارہ ہے۔ کوہلی نے کہا، ‘‘جسپریت کی واپسی اچھی بات ہے۔ وہ دوبارہ بولنگ کرنا چاہتے تھے۔ ہمیں اپنی بہترین صلاحیت کو تلاش کرنا ہے۔میچ میں تجربہ کار اسپنر رویندر جڈیجہ پر واشنگٹن سندر کو ترجیح دیئے جانے پر کپتان نے کہا، مجھے لگتا ہے کہ سری لنکا میں کافی بائیں ہاتھ کے بیٹسمینس کھیلے ہیں۔ ہماری منصوبہ بندی کچھ نیا کرنے کی تھی۔ ہمیں ٹیم میں توازن چاہیے۔