116 میونسپلٹیز و 7 کارپوریشنوں کے جلد چناؤ، میٹرو ریل کی عاجلانہ تکمیل

   

Ferty9 Clinic

اراضی حصول کیلئے 2787 کروڑ منظور، نلگنڈہ یونیورسٹی کے تحت فارمیسی اور لا کالج کی منظوری۔ میڈارم میں کابینی اجلاس کے فیصلے

حیدرآباد 18 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ نے مونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کے عاجلانہ انتخابات کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کی 116 میونسپلٹیز 7 کارپوریشنوں کے تحت 2996 وارڈس کے انتخابات فروری کے دوسرے ہفتہ تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ تلنگانہ کابینہ کا اجلاس آج چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں میڈارم میں منعقد ہوا۔ گزشتہ 2 برسوں میں کابینہ کا یہ 27 واں اجلاس تھا جو شہر کے باہر مذہبی مقام پر منعقد ہوا۔ کابینہ نے حیدرآباد میٹرو ریل کے توسیعی منصوبہ پر جنگی خطوط پر عمل کا فیصلہ کیا۔ وزراء پی سرینواس ریڈی، وینکٹ ریڈی اور سیتکا نے میڈیا کو کابینہ کے فصلوں سے واقف کرایا۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ریاست کے 14 مقامات پر مرکزی اور ریاستی حکومت کے اداروں کو اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نلگنڈہ میں SBI کارپوریٹ آفس اور محبوب نگر میں کارپوریٹ آفس کیلئے مارکٹ ویلفیر کے حساب سے اراضی الاٹمنٹ کو کابینہ نے منظوری دی۔ ریاست کی 116 میونسپلٹیز و 7 کارپوریشنوں کی میعاد مکمل ہوچکی ہے اور کابینہ نے جلد انتخابات کرنے کا فیصلہ کیا۔ خصوصی بی سی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق مجالس مقامی میں تحفظات کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ 15 فروری کو شیوراتری اور 16 فروری سے رمضان المبارک کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس کے بعد طلبا کے امتحانات شروع ہوں گے۔ لہذا جلد چناؤ کی تکمیل کا فیصلہ کیا گیا۔ گوداوری پشکرالو کا 27 جولائی 2027 سے 3 اگست تک انعقاد ہوگا۔ کابینہ نے ایک سال پہلے سے ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ باسر سے بعد راچلا تک تمام تاریخی مندروں کو ترقی دینے کنسلٹنسی کا انتخاب کیا گیا ۔ جلد ہی کابینی سب کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد و میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل میں حکومت سنجیدہ ہے۔ کابینہ نے میٹرو ریل فیس I ایل اینڈ ٹی سے حاصل کرنے کا جائزہ لیا۔ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں دوبارہ غور ہوگا اور حکمت عملی تیار کی جائیگی۔ کابینہ نے میٹرو ریل فیس 2A اور 2B کی تکمیل کیلئے جنگی خطوط پر اراضی حصول کو منظوری دی ہے۔ اراضی حصول کیلئے 2787 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ میٹرو سے متعلق مرکز کے تمام استفسارات کا جواب دیا جائے گا۔ حیدرآباد میں ICCC سے شلپالے آؤٹ تک ٹریفک مسائل کے حل کیلئے 9 کیلو میٹر کے فلائی اوور کی تعمیر کو منظوری دی گئی۔ ریاست میں HAM روڈس کی تعمیر میں تیزی کا فیصلہ کیا گیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 2 سال بعد ریاست میں مٹی کی سڑک نظر نہیں آئے گی۔ کابینہ نے مہاتما گاندھی یونیورسٹی نلگنڈہ میں لا کالج اور فارمیسی کالج کی منظوری دی ہے۔ دونوں کالجس کیلئے درکار اسٹاف کے تقررات کو بھی منظوری دی گئی۔ 1