دہلی میں تیسری مرتبہ عآپ کی حکومت کی اُمید : کجریوال

,

   

نئی دہلی۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے ہفتہ کو کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ ان کی عام آدمی پارٹی اس ریاست میں لگاتار تیسری مرتبہ حکومت بنائے گی۔ کجریوال نے سیول لائینس علاقہ کے پولنگ بوتھ پر اپنی شریک حیات سنیتا اور فرزند پلکت کے ساتھ حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام، عام آدمی پارٹی حکومت کے کام کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ کجریوال نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میں نے اپنی فیملی کے ساتھ ووٹ دیا ہوں، ان میں میرا بیٹا بھی شامل ہے جس نے پہلی مرتبہ حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے۔ تمام نوعمر ووٹوں سے خواہش کرتا ہوں کہ باہر آئیں اور ووٹ دیں۔ ( رائے دہی کے عمل میں) آپ کی شراکت و حصہ داری جمہوریت کو مستحکم بناتی ہے۔ پلکت نے کہا کہ پہلی مرتبہ ووٹ دے کر خوشی ہوئی ہے۔ اس سوال پر کہ آیا آپ کے والد ہی چیف منسٹر بنیں گے ؟ پلکت نے جواب دیا کہ جنہیں عوام منتخب کریں گے، وہ ہی چیف منسٹر بنیں گے۔

دہلی میں 111 سالہ خاتون نے بھی ووٹ دیا
نئی دہلی۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی سب سے زیادہ عمر رسیدہ ووٹر کالی تارہ منڈل نے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے لئے آج اپنا حق رائے دہی سے استفادہ کیا اور دہلی والوں سے کہا کہ وہ بھی اس جمہوری عمل میں حصہ لیں۔ 111 سالہ کالی تارہ اپنے بیٹے، پوتے اور دیگر ارکان خاندان کے ساتھ سی آر پارک کے علاقہ میں واقع پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ ڈالا جس کے بعد وہاں موجود فوٹوگرافرس کو اپنی سیاہی لگائی ہوئی اُنگلی دکھائی۔ انہوں نے دیگر شہریوں پر بھی زور دیا کہ گھر سے باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔ کالی تارہ منڈل 1908ء میں غیرمنقسم ہندوستان کے علاقہ باریسال میں پیدا ہوئی تھیں۔ یہ علاقہ اب بنگلہ دیش میں ہے۔ برصغیر کی تقسیم کے بعد پاکستان منتقل ہوئی تھیں اور پاکستان کی تقسیم اور بنگلہ دیش کے قیام کے بعد ہند واپس آگئی تھیں۔

صدرکووند کی شریک حیات کیساتھ رائے دہی
نئی دہلی، 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ہفتہ کو دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالا۔ کووند نے اہلیہ سویتا کووند کے ساتھ پریز یڈینٹس ایسٹٹ کے ڈاکٹر راجندر پرساد کیندریہ ودیالہ میں واقع پو لنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالا ۔دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان آج صبح 8بجے پولنگ شروع ہو گئی اور شام 6بجے تک جاری رہے گی ۔ ووٹوں کی گنتی 11 فروری کو ہوگی ۔ واضح رہے کہ صدر کووند جلیل القدر منصب پر فائز ہونے کے بعد قومی دارالحکومت دہلی کے اسمبلی انتخابات میں پہلی مرتبہ حق رائے دہی سے استفادہ کئے ہیں۔

سونیا گاندھی ، منموہن سنگھ ، راہول اور پرینکا نے ووٹدیا
نئی دہلی ۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے ہفتہ کو نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالے ۔گاندھی صبح نرمان بھون پولنگ اسٹیشن پر پہنچیں اور ووٹ ڈالا ۔ ان کے ساتھ دختر پرینکا وڈرا بھی تھیں ۔ پرینکا نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور اہلیہ گرشرن کور نے بھی اسی پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالا ۔ گاندھی نے اورنگ زیب لائین کے این پی سینئرسکینڈری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالا ۔ وڈرا لودھی اسٹیٹ کے سردار پٹیل اسکول میں ووٹ ڈالنے کیلئے گئی اور ووٹ ڈالا ۔ دہلی اسمبلی کی سبھی 70 سیٹوں کیلئے آج پولنگ ہو رہی ہے ۔ اس میں عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس کے درمیان مقابلہ ہے ۔

شاہین باغ میں رائے دہندوں کا جوش و خروش
خواتین نے یہ ثابت کرنے جتھوں کی شکل میں ووٹ دیا کہ ہمیں بریانی کسی نے نہیں کھلائی

نئی دہلی۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ پر گزشتہ ایک ماہ سے جاری احتجاج میں شامل خواتین نے ہفتہ کو جتھوں کی شکل میں پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تاکہ ان کا احتجاج متاثر نہ ہو۔ چند خواتین نے صبح کی اولین ساعتوں میں ووٹ ڈالا، دوسروں نے دوپہر میں اپنی انگلیوں پر سیاہی لگوائی۔ مابقی دوسروں نے شام میں اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا۔ ووٹ دینے کے بعد احتجاجی مقام پر پہنچنے والی خاتون مہ جبین قریشی نے کہا کہ ’’میں گھر میں رہوں گی تاکہ دیگر عورتیں گھر کے باہر نکل کر اپنا ووٹ دے سکے اور اب میں رائے دہی کے بعد دیگر احتجاجی خواتین میں شامل ہورہے ہیں، میں نے جمہوریت بچانے کیلئے اپنا ووٹ دیا ہے‘۔ شاہین باغ کی ساکن ایک اور خاتون زاہدہ خاں نے کہا کہ شاہین باغ کے ساکنان نے جتھوں میں ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔ زہرہ شیخ نے کہا کہ وہ سب اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کا تہیہ کرچکی تھیں کیونکہ جمہوریت کیلئے نہایت ضروری ہے۔ زہرہ شیخ نے مزید کہا کہ ’یہ جانتے ہوئے آج ہم نے اپنے دن کا آغاز کیا کہ یہ ہمارے لئے دوہری اہمیت کا حامل ہے۔ ہم جمہوریت کی بقاء کو یقینی بنانا چاہتے ہیں چنانچہ شاہین باغ کا ہر شہری ووٹنگ میں حصہ لے رہا ہے‘۔ محمد ایوب نے اترپردیش کے چیف منسٹر ادتیہ ناتھ کے بریانی ریمارک پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ثابت کرنے کیلئے ووٹ دے رہے ہیں کہ انہیں کوئی بریانی نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’کسی بھی پارٹی نے ہمیں بریانی نہیں دی۔ خواتین بریانی بنا رہی تھیں اور احتجاجیوں کو غذا فراہم کررہی تھیں۔