نیویارک 9 اپریل(ایجنسیز) دنیا بھر میں غیر صحتمند طرزِ زندگی اور زیادہ کھانے کی عادت موٹاپے کا سبب بنتی ہے، مگر امریکہ میں ایک ایسا شخص بھی گزرا ہے جس کا وزن انسانی تصور سے بھی کہیں زیادہ تھا۔ Walter Hudson اپنی غیر معمولی جسمانی حالت کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہو گئے تھے۔ 1944 میں نیویارک کے بروکلین میں پیدا ہونے والے والٹر ہڈسن کا وزن 1987 میں 545 کلوگرام تک پہنچ گیا تھا، جبکہ ان کی کمر کا سائز 119 انچ یعنی تقریباً 302 سینٹی میٹر تھا۔ ان کا نام دنیا کے غیر معمولی جسمانی ریکارڈز میں شمار کیا جاتا ہے۔ زیادہ وزن کے باعث وہ تقریباً 9 سال تک بستر تک محدود رہے اور معمول کی زندگی گزارنا ان کیلئے ناممکن ہو گیا تھا۔ ان کی حالت اس وقت مزید خبروں میں آئی جب وہ اپنے ہی کمرے کے دروازے میں پھنس گئے، جس کے بعد انہیں نکالنے کیلئے ریسکیو اہلکاروں کو دیوار کا ایک حصہ توڑنا پڑا۔رپورٹس کے مطابق ان کی غیر معمولی خوراک ان کے بڑھتے وزن کی سب سے بڑی وجہ تھی۔ وہ روزانہ اتنی زیادہ مقدار میں کھانا کھاتے تھے جو کئی افراد کے لیے کافی ہوتا ہے، جس میں درجنوں انڈے، گوشت، پاستا، میٹھے اور کولڈ ڈرنکس شامل تھے۔ آخرکار 1991 میں صرف 47 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کی تدفین کے لیے خصوصی طور پر بڑا اسٹیل کا تابوت تیار کیا گیا تھا۔A/Y/H