تل ابیب، 24 جون (یو این آئی) اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل پر 12 روز سے ایران کے میزائل حملوں میں 28 افراد ہلاک، جبکہ 3 ہزار 238 افراد زخمی ہوئے ۔ جن میں سے 23 کی حالت تشویشناک ہے ۔ادھر ایرانی وزارت صحت کے مطابق ایرانی حکام نے ہفتے کو جاری بیان میں اسرائیلی حملوں میں 430 افراد کی شہادت کا اعلان کیا تھا۔ایرانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث 3 ہزار 500 ایرانی شہری زخمی ہوئے تھے ۔
پاسدارانِ انقلاب کا واشنگٹن اور اتحادیوں کو دوٹوک پیغام
نئی دہلی۔24 جون (ایجنسیز) ایرانی سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق، ایران نے اپنی تازہ ترین فوجی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جسے “برکہ الفتح’’ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کارروائی کا ہدف قطر میں واقع امریکی فوجی اڈہ العدید اور عراق میں موجود دیگر امریکی اڈے ہیں۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فورسز نے امریکی اڈوں پر چھ میزائل داغے تاکہ امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں کا جواب دیا جا سکے۔ ایرانی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی بیرونی جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔پاسدارانِ انقلاب نے واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری، سلامتی اور سرحدوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ایران ہر اْس کوشش کا جواب دے گا جو اس کی قومی خودمختاری کو چیلنج کرے۔