تقریباً 10 لاکھ براہ راست اور 30 لاکھ بالواسطہ روزگار کے امکانات پیدا ہوں گے، 28602 کروڑ روپئے جملہ لاگت
نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے آج ملک بھر میں 12 صنعتی اسمارٹ شہروں کے قیام کو منظوری دی۔ اس سے تقریباً 10 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات نے اس کی جانکاری دی ہے۔ ان پروجیکٹوں کی جملہ لاگت 28602 کروڑ روپے ہوگی۔اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ صنعتی سمارٹ شہر نیشنل انڈسٹری ڈیولپمنٹ کوریڈور پروگرام کے تحت بنائے جا رہے ہیں۔کابینہ کی میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ اس سے تقریباً 10 لاکھ براہ راست اور 30 لاکھ بالواسطہ روزگار کے امکانات پیدا ہوں گے۔ پلگ ان پلے اور واک ٹو ورک تصورات پر بہت زیادہ توجہ دی جائے گی۔ آج پوری دنیا سے مینوفیکچرنگ سرگرمیاں ہندوستان کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔ الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ ہو، موبائل مینوفیکچرنگ ہو یا دفاعی مینوفیکچرنگ، یہ سب ہندوستان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔یہ راہداری اور صنعتی زون کے منصوبے اس تبدیلی کو تیز کریں گے۔12 نئے صنعتی اسمارٹ شہر: راج پورہ-پٹیالہ پنجاب،کھرپیا اتراکھنڈ،آگرہ اتر پردیش،پریاگ راج اتر پردیش،گیا بہار، دیگھی پورٹ مہاراشٹر،جودھ پور۔پالی راجستھان،کوپرتھی تلنگانہ، ظہیرآباد تلنگانہ اور وکل آندھرا پردیش،پالاکڈ کیرالہ۔مرکزی وزیر ویشنو نے 12 میں سے صرف 11 شہروں کے ناموں کا انکشاف کیا اور آخری نام ظاہر نہ کرنے کی وجہ ہریانہ اور جموں و کشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات کی وجہ سے نافذ ضابطہ اخلاق کا حوالہ دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی کابینہ نے پن بجلی کی ترقی کے لیے شمال مشرقی ریاستوں کو 4136 کروڑ روپے کی ایکویٹی سپورٹ کو بھی منظوری دی ہے۔اس کے علاوہ ریلوے کے تین منصوبوں کو بھی کابینہ کی منظوری مل چکی ہے۔جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان میں جمشید پور پرولیا آسنسول سے 37 کلومیٹر لمبی نئی ڈبل لائن، سندر گڑھ ضلع کے سردیگا سے رائے گڑھ ضلع کے بھلموڈا تک 37 کلومیٹر لمبی نئی لائن، بارگڑھ روڈ سے نواپارہ (اڈیشہ) تک 138 کلومیٹر لمبی نئی لائن شامل ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ کابینہ نے ملک بھر کے 234 شہروں میں نجی ایف ایم ریڈیو کے 734 چینلز کی نیلامی کو بھی منظوری دی ہے۔