کابل، 9 جولائی (یو این آئی)ایران سے افغان پناہ گزینوں کی افغانستان واپسی میں اضافہ ہوگیا ہے ، اقوام متحدہ مہاجرین ایجنسی کے مطابق روزانہ ہزاروں افراد ایران سے واپس جا رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق 4 جولائی کو 50 ہزار سے زائد افراد ایران سے افغانستان پہنچے ، رواں برس اب تک 12 لاکھ سے زائد افغان واپس اپنے ملک جاچکے ہیں، ایران نے افغان پناہ گزینوں کو واپسی کے لیے 6 جولائی کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ہلال احمرکا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ کی اسرائیل ایران جنگ کے بعد ایران سے افغانوں کی واپسی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ، بیشتر افراد کو ان کی مرضی کے بغیر بسوں میں بٹھا کر سرحد تک پہنچایا گیا۔ہلال احمر کے مطابق رواں برس ایران سے مزید 10 لاکھ افغان واپس افغانستان بھیجے جاسکتے ہیں، افغانستان میں کوئی گھر بار نہ ہونے پر واپس جانے والوں کا مستقبل غیر یقینی ہے ، بڑے پیمانے پر افغانوں کی واپسی نے امدادی نظام پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے ، واپس آنے والے افغانوں کی مدد کے لیے 3 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی اپیل صرف 10 فیصد پوری ہوسکی ہے ۔