12 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے 20 مقامات پر 100 ملی میٹر بارش

   

حیدرآباد و سکندرآباد میں مسلسل بوندا باندی ، ہلکی بارش کا سلسلہ برقرار
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے زائد از 20مقامات پر 26جولائی کی صبح سے شام تک 12گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مسلسل بونداباندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بھدادری کتہ گوڑم کے منڈل کارکاگوڑم میں زائد از 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ منچریال‘ محبوب آباد‘ ہنمکنڈہ ‘ ورنگل ‘ جنگاؤں‘ ملوگو‘ پداپلی اور کمرم بھیم میں زائد از 100ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔12 گھنٹوں کے دوران اضلاع میں ریکارڈ کی گئی مجموعی بارش کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیل میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے مختلف مقامات اور منڈلوں میں ایسے 53 منڈلوں کی نشاندہی کی گئی جہاں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ورنگل اور کھمم شاہراہ پر سڑک پر جھیل کی طرح پانی بہنے کے نتیجہ میں سڑک مسدود ہوگئی اور کئی مقامات پر چھوٹے پلوں پر سے پانی کے بہاؤ کی وجہ سے خطرات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 48 گھنٹوں کے لئے ریاست کے بیشتر تمام اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیاگیا ہے اور حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست بھر کے کئی اضلاع بشمول مشرقی و شمالی اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں شدید موسلادھار بارش کے امکانات کے تحت کئی نشیبی علاقوںمیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کو چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی جاچکی ہے اور شہر میں جن مقامات پر پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے ان مقامات پر پانی کی نکاسی کے لئے عملہ کو تعینات کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں چارمینار‘ خیریت آباد‘ ایل بی نگر‘ شیرلنگم پلی کے علاوہ دیگر علاقوں میں تباہ کن بارش ہوسکتی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی جو انتباہ جاری کیا ہے اس میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گھروں سے نکلنے میں احتیاط کریں اوربلا ضرورت شدید گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں۔ م