’125 کروڑ ہندوستانی میرا خاندان ہیں ‘ مودی کا ریمارک

   

حیدرآباد۔29 ڈسمبر(سیاست نیوز) وزیر اعظم کی جانب سے 125 کروڑ ہندستانیوں کو اپنا خاندان قرار دیئے جا نے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا مذاق اڑایا جانے لگا ہے اور ان پر طرح طرح سے طنز کئے جانے لگے ہیں۔ فلمساز انوراگ کشیپ نے وزیر اعظم کے اس ریمارک پر طنز کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’آپ جانتے ہیں کہ کسی مرد کی اگر بیوی چھوڑ جائے اور اس کا کوئی خاندان نہ ہو تو کیا ہوتا ہے؟ مودی جی سے پوچھئے ۔‘‘ان کے اس ٹوئیٹ کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوں کی جانب سے ان پر شدید ریمارکس کئے جانے لگے لیکن اس کے بعد انوراگ کشیپ چپ نہیں رہے اور بعض ٹوئیٹ کے جواب دینے کے بعد انہوں نے اس ٹوئیٹ کو ہٹا دیا جس میں انہو ںنے وزیر اعظم پر طنز کیا تھا۔اسی طرح نریندر مودی کے اس بیان پر کہ 125 کروڑ ہندستانی میرے افراد خاندان ہیں پرممتاز اسٹیج مزاحیہ فنکار کنال کرما نے بھی شدید طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم جاتنے ہیں کہ آپ اپنے خاندان کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں‘‘ ان کے اس ٹوئیٹ پر بھی کئی لوگوں نے ردعمل ظاہر کیا اور ان کی حس مزاح کی ستائش کی ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے آئی ٹی سیل کی جانب سے ان کو بھی شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن وہ اپنے ٹوئیٹ سے دستبردار نہیں ہوئے ہیں بلکہ وہ اس کی وضاحت کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیںکہ ’’کون نہیں جانتا کہ وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ کس طرح کا سلوک کرتے ہیں‘‘ دونوں شخصیتوں کا اشارہ بالواسطہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کی اہلیہ جشودھا بین کی جانب تھا جو ان کے ساتھ نہیں رہتیں اور نہ ہی وزیر اعظم کی جانب سے کبھی ان کا تذکرہ کیا گیا ہے۔