ممبئی: ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر انچیف ارنب گوسوامی کو 2018ء میں 53 سالہ انٹیریئر ڈیزائنر کی خودکشی کیلئے مبینہ طور پر مجبور کرنے کے کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ علی باغ پولیس کی ایک ٹیم نے ارنب گوسوامی کو ان کے لوور پریل ہاؤز سے آج صبح میں گرفتار کرلیا۔ ارنب گوسوامی کو پولیس نے دھکے مارتے ہوئے پولیس ویان میں بٹھا دیا۔ ارنب گوسوامی نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرنے سے پہلے ان کے مکان میں گھس کر حملہ کیا۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ ہم جب انہیں گرفتار کرنے کیلئے پہنچے تو ان کی اہلیہ نے گرفتاری کے کاغذات کو پھاڑ دیا۔ ارنب گوسوامی کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ انہیں میڈیکل چیک اپ کیلئے سیول ہاسپٹل لے جایا جائے۔ میڈیکل چیک اپ کے بعد ارنب گوسوامی کو دوبارہ کورٹ لایا گیا۔ عدالت نے انہیں 15 دن کیلئے عدالتی تحویل میں دینے کا حکم دیا۔
خاتون پولیس پر حملہ ،ارنب گوسوامی کیخلاف ایف آئی آر
ممبئی : ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹرانچیف ارنب گوسوامی کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہیکہ انہوں نے ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچی پولیس ٹیم میں شامل ایک خاتون پولیس آفیسر پر مبینہ حملہ کیا۔ الزام ہیکہ ارنب نے خاتون پولیس آفیسر کے سینے کو ہاتھ لگایا۔ ممبئی پولیس نے آج صبح ارنب گوسوامی کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر الزام ہیکہ انہوں نے 2018 ء میں انٹریئر ڈیزائنر انے نائک اور ان کی والدہ کمود نائک کو خودکشی کیلئے مجبور کیا تھا۔
ایڈیٹرزگلڈ آف انڈیا کی ارنب کی گرفتاری کی شدید مذمت
نئی دہلی:ایڈیٹرزگلڈ آف انڈیا نے چہارشنبہ کی صبح ممبئی میں ریپبلک ٹی وی چینل کے مدیر ارنب گوسوامی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور اسے ایک‘تشویشناک کارروائی’ قرار دیا۔گلڈ کی طرف سے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں ارنب گوسوامی کی اچانک گرفتاری سے ہم سب حیران ہیں اور اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ گلڈ کی صدر سیما مصطفی اور جنرل سکریٹری سنجے کپور کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں گلڈ نے مہاراشٹرحکومت سے ارنب گوسوامی کے ساتھ قابل احترام سلوک کرنے کی اپیل کی۔ مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کو پولیس حراست میں لئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہمیں ایمرجنسی کی یاد دلا دی۔
ارنب کی گرفتاری نے ایمرجنسی کی یاد تازہ
کردی: امیت شاہ
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کی گرفتاری کو پریس کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایمرجنسی کی یاد تازہ ہوگئی ہے ۔ممبئی میں آج پولیس کے ذریعہ ارنب کی گرفتاری کے بعد مرکزی حکومت کے مختلف وزرا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے ٹویٹ کرکے اس کی مذمت کی۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی ٹویٹ کرکے کہا،‘‘کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے ایک بار پھر جمہوریت کو شرمسار کیا ہے ۔
