127 سپاہیوں کو بہادری کے ایوارڈایئر فورس کے نو پائلٹس کو ویر چکر

,

   

نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے جمعرات کو یوم آزادی کے موقع پر مسلح افواج اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے 127 جوانوں کو بہادری کے ایوارڈ اور 40 کو نمایاں خدمات کے لیے ممتاز سروس ایوارڈ کا اعلان کیا۔بہادری کے اعزازات میں سے چار کو کیرتی چکر، 15 کو ویر چکر اور 16 کو شوریہ چکر سے نوازنے کی منظوری دی گئی۔ ویر چکر حاصل کرنے والے بہادر سپاہیوں میں فضائیہ کے وہ نو بہادر پائلٹ بھی شامل ہیں جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران پاکستان کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں ہندوستانی فورسز نے پاکستان کے چھ لڑاکا طیاروں کو بھی مار گرایا تھا۔ فضائیہ کے بہادر جوانوں کی بھرپور کارروائی کے بعد پاکستان گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا تھا۔آپریشن سندور کے دوران فضائیہ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ایئر مارشل اودھیش بھارتی اور فضائیہ کے نائب سربراہ نرمدیشور تیواری سمیت تینوں افواج کے سات سینئر افسران کو سرووتم یودھ سیوا میڈل سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔صدر جمہوریہ نے دو آرمی میڈلز (گیلنٹری)، 58 آرمی میڈلز (گیلنٹری)، چھ نیوی میڈلز (گیلنٹری)، 26ایئر فورس میڈلز (گیلنٹری)، سات سرووتم یودھ سیوا میڈلز، نو اتم یودھ سیوا میڈلز اور 24 یودھ سیوا میڈلز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے 290 مینشن ان ڈسپیچز کی بھی منظوری دی ہے۔

پولیس، فائر بریگیڈ، ہوم گارڈ اور سیول ڈیفنس کے 1090 اہلکاروں کو صدارتی تمغے
نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) یوم آزادی کے موقع پر پولیس، فائر بریگیڈ، ہوم گارڈ ، سول سیکورٹی اور اصلاحی خدمات کے لیے جملہ 1090 اہلکاروں کو بہادری اور خدمات کے صدارتی تمغوں سے نوازا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے گزشتہ روز بتایا کہ 233 اہلکاروں کو بہادری کا صدارتی تمغہ، 99 کو امتیازی خدمات کا صدارتی تمغہ اور 758 اہلکاروں کو قابل ستائش خدمات کے لیے صدارتی تمغوں سے نوازا گیا ہے ۔ بہادری کے لیے جملہ 233 صدارتی تمغوں میں سے 226 پولیس اہلکاروں، چھ فائر سروس کے اہلکاروں اور ایک فوجی اور نیم فوجی دستوں کے اہلکارکو دیا گیا ہے ۔ بہادری کے صدارتی تمغے جان و مال کی حفاظت، جرائم کو روکنے یا مجرموں کو گرفتار کرنے میں غیر معمولی بہادری اور بہادری کے خصوصی کارناموںں کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں۔ اس میں متعلقہ افسر کی ذمہ داریوں اور فرائض کو مدنظر رکھتے ہوئے خطرے کا اندازہ لگایا جاتا ہے ۔