128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت، امریکی گراؤنڈز پر تیاریاں

   

لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں مرد اور خواتین کی 6، 6 ٹیمیںT20 فارمیٹ میں حصہ لیں گی
لاس اینجلس۔23؍مارچ ( ایجنسیز) اولمپکس میں128 سال کے طویل وقفہ کے بعد کرکٹ کی شمولیت کے پیش نظر امریکہ میں میجر لیگ کرکٹ کا پہلا ایڈیشن منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام لاس اینجلس اولمپکس 2028 کیلئے بہترین تیاری ثابت ہوگا۔ کیلیفورنیا کے نائٹ رائیڈرز کرکٹ فیلڈ میں یہ اہم مقابلے یکم جولائی سے ہوں گے۔افتتاحی میچ میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز اور واشنگٹن فریڈم کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جس کے بعد کل 5 میچز کھیلے جائیں گے۔ 4 جولائی کو امریکہ کے 250 ویں یوم آزادی کے موقع پر بھی کرکٹ کے دلچسپ میچز کا انعقاد کیا گیا ہے۔لیگ کے سربراہ جانی گریو نے کہا کہ میجر لیگ کرکٹ کا انعقاد امریکی کرکٹ کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پومونا فیئر گراؤنڈز لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کرکٹ مقابلوں کا مرکزی مقام ہوں گے۔ وہاں کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات اور ٹورنامنٹ کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کا فیصلہ اس کھیل کے شائقین کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ آخری مرتبہ پیرس میں 1900 کے اولمپک کھیلوں کے دوران کرکٹ کھیلی گئی تھی جس میں برطانیہ اور فرانس کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور برطانیہ نے ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ اس کے بعد سے کرکٹ اولمپک ایونٹ سے باہر رہی ہے۔لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں مرد اور خواتین کی 6، 6 ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔اس میگا ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری لیگ سے نئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ تجربہ اولمپکس کے دوران کرکٹ کو مزید مقبول اور پرکشش بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔