13 سالہ لڑکا امریکہ کا سیکرٹ سرویس ایجنٹ مقرر

,

   

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن اقدام کے تحت 13 سالہ ڈی جے ڈینیئل کو اعزازی سیکرٹ سروس ایجنٹ مقرر کر دیا، جس پر نہ صرف ریپبلکنز بلکہ ڈیموکریٹس نے بھی ان کی تعریف کی۔صدر ٹرمپ نے کانگریس سے اپنے پہلے خطاب کے دوران یہ حیران کن اعلان کیا کہ ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ڈینیئل کو سیکرٹ سروس ایجنٹ کے طور پر نامزد کیا جا رہا ہے۔ڈینیئل کا خواب تھا کہ وہ بڑا ہو کر پولیس آفیسر بنے، مگر 2018 میں نایاب قسم کے کینسر کی تشخیص ہوئی اور ڈاکٹروں نے صرف 5 ماہ کی مہلت دی۔ تاہم، اس نے ہمت نہ ہاری اور بیماری کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ گزشتہ چھ سالوں سے وہ اور اس کے والد پولیس آفیسر بننے کے خواب کی تکمیل کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ آج ہم ڈینیئل کا خواب پورا کرنے جا رہے ہیں۔ میں اپنے نئے سیکرٹ سرویس ڈائریکٹر شان کران کو ہدایت دیتا ہوں کہ وہ ڈینیئل کو امریکہ کی خفیہ سرویس کا باضابطہ ایجنٹ بنائیں۔صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد کانگریس چیمبر تالیوں سے گونج اٹھا۔ حیران کن طور پر، درجن سے زیادہ ڈیموکریٹس بھی ڈی جے ڈینیئل کی خوشی میں شامل ہوئے اور اس اقدام کو سراہا۔