جام نگر۔ جام نگر پولیس یہ جان کر حیران رہ گئی کہ پولیس کوارٹرس میں رہنے والا ایک 13 سالہ لڑکا پولیس کے اسٹور روم سے شراب چوری کر رہا تھا اور تین ماہ میں 1,70,000 روپے کی شراب چرا لی۔لڑکا بالآخر پکڑا گیا اور نوجوان کے خلاف شکایت درج کرائی گئی۔ہیڈکوارٹر میں ڈیوٹی پر مامور ہوم گارڈ جوان موہت مہتا نے ہفتے کے روز لڑکے کو پچھلے حصے سے اسٹور روم میں گھستے ہوئے دیکھا۔ چند منٹ بعد اس نے لڑکے کو ہاتھ میں کچھ اٹھائے باہر آتے دیکھا۔ چیک کرنے پر اس نے پایا کہ نابالغ کے پاس ایک پریمیم بیئرکی دو بوتلیں تھیں۔اسے بی ڈیویڑن پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، جہاں پولس انسپکٹر کملیش بھوئی کی موجودگی میں لڑکے سے پوچھ گچھ کی گئی۔ پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا ملزم نے بتایا کہ وہ اپریل 2022 میں پہلی بار اسٹور روم میں داخل ہوا تھا تب سے وہ ضبط شدہ شراب چوری کر رہا ہے۔