جے پور : اسے آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے کم عمر کروڑ پتی یا بی سی سی آئی کی ٹی20 لیگ میں کھیلنے والا سب سے کم عمر کھلاڑی کہیں۔ دونوں کے لیے ایک ہی جواب ہے ویبھو سوریاونشی۔ ان کی عمر 13 سال ہے لیکن ان کی کارکردگی ایسی ہے کہ کرکٹ کے حلقوں میں لوگوں نے ان کے چرچے شروع کر دیے ہیں۔ اب ایسی صورتحال میں کرکٹ کے شائقین یقیناً آئی پی ایل2025 میں ان کے بیٹنگ صلاحیت کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں گے۔ شائقین کی اس خواہش کو راجستھان رائلزکے کپتان سنجو سیمسن نے مزید تقویت دی ہے۔ انہوں نے ویبھو کی تعریف کی اور یہ بھی کہا کہ وہ بڑے بھائی کی طرح ان کا ساتھ دیں گے۔ اب جب ٹیم کا کپتان خود بڑے بھائی جیسا ہے اور اگر وہ مکمل تعاون دینے کی بھی بات کر رہے ہیں، تو پھر 13 سالہ ویبھو سوریاونشی کو آئی پی ایل 2025 میں اپنی شناخت بنانے کے لیے اور کیا ضرورت ہے؟ ایسے میں صرف ایک موقع کی ضرورت ہے۔ سنجو سیمسن نے جس طرح کہا کہ ویبھو سوریاونشی آئی پی ایل کھیلنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، اس سے لگتا ہے کہ 13 سالہ کھلاڑی کو جلد ہی ڈیبیو کا موقع ملے گا۔ سیمسن نے کہا کہ ویبھو اعتماد سے بھرا نظر آتا ہے۔ وہ ایسے چھکے ماررہا ہے کہ گیند اکیڈمی گراؤنڈ سے باہر جا رہی ہے۔ لوگوں نے اس کی پاور ہٹنگ کی باتیں شروع کردی ہیں۔ کوئی اورکیا مانگ سکتا ہے؟ ایک بڑے بھائی کی طرح میرا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔ سنجو سیمسن نے مزید کہا ہیکہ میں سمجھتا ہوں کہ ان کے لیے ابھی مناسب ماحول ملنا ضروری ہے۔ اسے چمک اور گلیمر سے دور رکھنا ہوگا۔ راجستھان رائلز ایسی صلاحیت کی تعریف کرنا اور ان کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ویبھو اگلے دو سالوں میں ٹیم انڈیا کے لئے کھیلتے ہوئے نظر آتے ہیں تو یہ حیرت کی بات نہیں ہوگی۔ سیمسن کے مطابق ویبھو نہ صرف آئی پی ایل کے لیے تیار ہیں بلکہ وہ کرکٹ میں بھی بہت کچھ کرنے کے لیے تیار ہیں۔کپتان نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑی کے پاس صلاحیت کی کمی نہیں ہے لیکن اسے حالات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے ۔