13 سال سے کم عمربچوں پر سوشیل میڈیا کے استعمال پر پابندی کی تجویز: چندرا بابو نائیڈو

   

13 یا 16 سال کے بارے میں عنقریب فیصلہ، نارا لوکیش کی تجویز پر مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔6 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا کہ 13 سال سے کم عمر بچوں کے سوشیل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کیلئے جلد ہی قانون سازی کی جائے گی ۔ آندھراپردیش اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ بچوں کو سوشیل میڈیا کے مضر اثرات سے بچانا ہم تمام کی ذمہ داری ہے، لہذا حکومت کو وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش نے تجویز پیش کی ہے کہ 13 سال سے کم عمر بچوں پر سوشیل میڈیا کے استعمال کے معاملہ میں روک لگائی جانی چاہئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حکومت اس تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اندرون 90 دن اس سلسلہ میں قانون سازی کی جائے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ سوشیل میڈیا کے استعمال پر پابندی کیلئے 13 یا 16 سال کی عمر کی حد مقرر کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ بعض گوشوں نے 13 سال کے بجائے 16 سال کی عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ وسیع تر مشاورت کے بعد حکومت اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں پر سوشیل میڈیا کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو سوشیل میڈیا کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ واضح رہے کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش گزشتہ کئی ماہ سے بچوں کو سوشیل میڈیا سے دور رکھنے کے حق میں مہم چلا رہے ہیں اور انہوں نے حکومت کو باقاعدہ تجویز پیش کی ہے کہ 13 سال کے بچوں کی جانب سے سوشیل میڈیا کے استعمال پر روک لگائی جائے۔1