خریف اور ربیع سیزن میں فصلوں کی واجبی قیمت پر خریداری

   

دگوال میں شعبہ زراعت کی جانب سے رعیتو بندھو پروگرام کا آغاز

کوہیر۔ کوہیر منڈل کے موضع دگوال میں واقع ضلع پریشد ہائی اسکول میں شعبہ زراعت کی جانب سے بندھو ( سبزالو جشن ) پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے شرکت کرتے ہوئے منعقدہ پروگرام کو مخاطب کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے جو اسکیمات ریاست میں روشناس کروائی ہیں ملک کی کسی دوسری ریاست میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ مانک راؤ نے بتایا کہ 10 مئی 2018 کو ضلع کریم نگر کے حضورآباد منڈل کے موضع شالہ پور میں رعیتو بندھو پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے ریاست کے کسانوں میں مالی امداد کا آغاز کیا ۔ آج تک آٹھویں مرتبہ 50 ہزار کروڑ روپئے کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خود ایک کسان ہیں اور وہ کسانوں کی پریشانیوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ آج کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے اور خریف اور ربیع کے سیزن میں فصلوں کو واجبی داموں پر خریدا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست میں کسان کئی ایک مسائل سے پریشان ہوکر خودکشی کررہے تھے اور یوریا ، ڈی اے پی اور تخم حاصل کرنے کیلئے پولیس کی لاٹھیاں کھانی پڑتی تھی اور پولیس میں پٹہ پاس بک جمع کروانا پڑتا تھا گزشتہ 7 سالوں میں ریاست تلنگانہ کے کسانوں میں غیر معمولی تبدیلی دیکھی جارہی ہے ۔ساتھ ہی اس موقع پر محمد فرید الدین کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اس موقع پر ایم شیوا کمار ڈی سی ایم ایس چیرمین، محمد سراج الدین صدر مدرس، ونود کمار نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر نرسملو صدر کوہیر منڈل، منڈل ٹی آر ایس پارٹی وجئے کمار، وٹھل ریڈی، بکا ریڈی ایم پی ٹی سی، ڈپٹی سرپنچ محمد ریاض الدین، محمد مدثر احمد ، محمد زبیر احمد کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔