پنجاب میں عوام عآپ کی حکومت کے خواہاں : بھگونت مان

   

دھوری (پنجاب)۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے چیف منسٹر امیدوار بھگونت مان نے کہا کہ ریاست کے عوام پچھلے 44 سالوں میں کانگریس اور شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کو مواقع دے رہے ہیں اور اب وہ تھک گئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کا اس بارعآپ پارٹی کی حکومت ہو۔ 48 سالہ مان دھوری اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، جو سنگرور لوک سبھا حلقہ کے تحت آتی ہے۔ مان سنگرور سے دو بار ایم پی رہ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آنے پر ریاست میں مافیا راج، بے روزگاری، مہنگائی، منشیات کا مسئلہ اور زرعی بحران جیسے بڑے مسائل سے نمٹنے کے لیے کام کرے گی۔مان کو عآپ کا وزیر اعلیٰ کا امیدوار قرار دیا گیا جب پارٹی نے گزشتہ ماہ پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی جنتا چنے گی اپنا سی ایم مہم شروع کی۔ مان کو ان لوگوں میں سے 93 فیصد نے منتخب کیا جنہوں نے پارٹی کے وزیر اعلی کے امیدوار کو منتخب کرنے کے لئے کے پول میں پارٹی نمبر کو کال یا ٹیکسٹ کیا تھا۔مان نے کہا لوگوں نے کانگریس کو 25 سال اور بادل خاندان کو 19 سال دیئے۔ یہ جماعتیں گزشتہ 44 سالوں میں کچھ نہیں کرسکیں اور اب بھی ایک اور موقع چاہتی ہیں۔ لوگ انہیں مواقع دے کر تھک چکے ہیں، لیکن یہ پارٹیاں مواقع مانگتے نہیں تھکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اگلی حکومت عآپ کی ہو کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس پارٹی نے دہلی میں بھی کام کیا ہے اور یہاں بھی کریں گے۔