لندن ۔ برطانیہ کے ایک تاریخ ساز مہم جو ارنسٹ شیکلٹن نے ایک سو سال قبل انٹارکٹک کے منجمد سمندر کو کشتی پر عبور کرنے کا خواب دیکھا تھا۔ اس دشوار اور پرخطر سمندری سفر میں انہیں تو اپنے خواب کی تعبیر نہ مل سکی، البتہ جنوبی افریقہ کے مہم جوؤں کے ایک اور گروپ کو انٹارکٹک کے قریب ایک منجمد سمندر میں 10 ہزار فٹ کی گہرائی میں شیکلٹن کی ڈوبی ہوئی کشتی مل گئی ہے۔ ایک ایسے سمندر میں جس کی سطح پر برف کی پرتیں تیر رہی ہوں اور پانی کا درجہ حرارت صفر کے قریب ہو، اس کی تہہ میں 10 ہزار فٹ کی گہرائی میں اترنا اور وہاں کے گھپ اندھیروں میں سو سال پرانی کشتی کے ڈھانچے کو ڈھونڈ نکالنا بھی شیکلٹن کی منجمد سمندر عبور کرنے کی مہم جوئی سے کچھ کم نہیں ہے۔ کشتی تلاش کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ ایک صدی گزر جانے کے باوجود کشتی بہت اچھی حالت میں ہے، حتیٰ کہ اس میں استعمال کی جانے والی لکڑی تک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ کشتی کا وہ گول پہیہ، جسے ملاح کشتی کا رخ موڑنے کے لیے استعمال کرتے تھے، اتنی اچھی حالت میں ہے کہ یوں لگتا ہے کہ جیسے کپتان ابھی آ کر اسے گھمائے گا اور اپنے سفر کا آغاز کر دے گا۔