حیدرآباد 10 اپریل ( سیاست نیوز ) بلدیہ کی جانب سے جاریہ شدید گرمی کے دوران آوارہ جانوروں کی پیاس بجھانے کے انتظامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے رضاکارانہ تنظیموں کے اشتراک سے یہ پہل کی جا رہی ہے ۔ یہ تنظیمیں جانوروں کی فلاح کیلئے کام کرتی ہیں۔ ان کے ساتھ مل کر حیدرآباد میں کئی مقامات بشمول حمایت نگر ‘ عنبرپیٹ ‘ بیگم پیٹ ‘ سکندرآباد اور ملکاجگری میں پانی کے برتن رکھے جائیں گے جن سے آوارہ جانور اپنی پیاس بجھا سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے شکنتلا سوسائیٹی سے 200 برتن تیار کئے گئے جو مختلف مقامات پر رکھے جائیں گے ۔ مختلف گروپس کے بچوں نے یہ منفرد دکھائی دینے والے برتن تیار کئے ہیں جو شدت کی گرمی کے دوران آوارہ جانوروں کی پیاس بجھانے میں معاون ثابت ہونگے ۔