فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کیلئے تلنگانہ فار پیس اینڈ یونیٹی تنظیم کا قیام 24 اپریل کو کل مذاہب مارچ کا منصوبہ

   

حیدرآباد۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے متفکر شہریوں اور عوامی تنظیموں نے تلنگانہ میں خاص طور پر اور ملک بھر میں عمومی طور پر امن اور تمام طبقات میں بھائی چارہ کے فروغ کے لئے تلنگانہ فار پیس اینڈ یونیٹی نامی ادارہ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے وقت جبکہ ملک میں فرقہ پرست طاقتیں سرگرم ہیں، سماجی جہد کاروں نے پریس کانفرنس میں تنظیم کے قیام کا اعلان کیا ۔ تلنگانہ فار پیس اینڈ یونیٹی سے وابستہ افراد نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مفاد حاصلہ کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوراتحاد کو برقرار رکھیں۔ ملک بھر میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی۔ تنظیم نے عوام کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تنظیم سے وابستہ سید عزیز پاشاہ ، کے سنجے ، وملا ، وی کرن ، جی جھانسی ، سندھیا ، مظہر حسین اور دوسروں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اپیل کی جائے گی کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف سخت موقف اختیار کریں اور اقلیتوں اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ 300 سے زائد متفکر شہریوں ، جہد کاروں ، ماہرین تعلیم اور سیول سوسائٹی ارکان کی مشترکہ اپیل جاری کی جائے گی جس میں سنگھ پریوار کی مخالف مسلم سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کو دستور اور قانون کے نفاذ میں اہم رول ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی ۔ مختلف مذاہب کے افراد پر مشتمل مارچ کا 24 اپریل کو لال بہادر اسٹیڈیم سے آغاز ہوگا جو امبیڈکر مجسمہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ تنظیم نے حیدرآباد ، نظام آباد ، کریم نگر اور عادل آباد میں فرقہ وارانہ سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ قائدین نے تلنگانہ میں تمام مذاہب اورطبقات سے اپیل کی کہ وہ متحدہ طور پر فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دیں۔ ر