138 جوڑوں کی طلاق روکنے والے ایڈوکیٹ کو طلاق ہوگئی

   

نئی دہلی: ایک سینئر ایڈوکیٹ نے اپنے 16 سال کے کیرئیر میں 138 جوڑوں کو طلاق لینے سے روکا لیکن عجیب بات یہ ہے کہ اسے اس کی بیوی نے ہی طلاق دے دی۔ یہ واقعہ گجرات کے احمد آباد میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک شخص احمد آباد ہائی کورٹ میں 16 سال سے پریکٹس کر رہا ہے۔ اس نے اپنے کیریئر میں 138 جوڑوں کو طلاق لیکر الگ الگ ہونے سے روکا ہے۔ اس وکیل کی بیوی نے ہی اپنے شوہر کے خلاف طلاق کا مقدمہ دائر کر دیا۔خاتون نے اپنے شوہر سے طلاق لینے کی جو وجوہات بتائیں وہ چونکا دینے والی ہیں۔ ایڈوکیٹ کی بیوی کا کہنا ہے کہ وہ طلاق کے لیے آنے والے جوڑوں کو علیحدگی سے روکنے کے علاوہ ان سے کوئی فیس نہیں لیا کرتے ہیں۔ فیس کی عدم ادائیگی کے باعث مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ والدین کے جھگڑوں کے درمیان جب وہ الگ الگ رہنے لگے تھے ان کی بیٹی مالی مشکلات کے باوجود ‘قانون’ کی تعلیم حاصل کررہی تھی اس وقت وہ اپنی ماں کے ساتھ رہتی تھی۔ طلاق کے بعد بیٹی نے کہا کہ اس کے والد اس کے رول ماڈل ہیں اور وہ ان کے ساتھ رہیں گی۔ عدالت نے بھی اس کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے اسے اپنے والد کے ساتھ رہنے کی اجازت دے دی۔ جب ایڈوکیٹ سے پوچھا گیا کہ انھوں نے ان سے رجوع ہونے والے جوڑوں سے فیس کیوں نہیں لی تو انھوں نے اس کی عجیب و غریب وجہ بتائی۔ وکیل نے بتایا کہ ان کے رشتے کے بھائی کی طلاق ہو گئی اس کے بعد انھوں نے اپنی پریکٹس کے دوران کسی بھی جوڑے کی طلاق کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور طلاق کے خلاف مہم چلائی۔ وکیل نے کہا کہ وہ تقریباً 138 جوڑوں کو راضی کرنے اور انہیں طلاق لینے سے روکنے میں کامیاب رہے۔ وہ ان سے فیس نہیں لیا کرتے تھے اس لیے آمدنی بہت کم ہوگئی۔ انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیوی دوسرے وکلاء کو دیکھ کر خود کو غریب سمجھتی تھی اور ان کے درمیان جھگڑے شروع ہوگئے معاملہ طلاق تک پہنچا۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی نہیں
نئی دہلی: عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے درمیان گھریلو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، جس سے دہلی میں پٹرول 96.72 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 89.62 روپے فی لیٹر رہی۔ ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن کی ویب سائٹ پر آج جاری کردہ نرخوں کے مطابق ملک میں آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔
دہلی میں ان کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، ممبئی میں پٹرول 106.31 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.27 روپے فی لیٹر رہا۔