سری نگر، 12جولائی(یو این آئی) پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے 13 جولائی 1931 کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جانتی تھیں کہ کل یعنی 13 جولائی کو اُنہیں باہر نکلنے سے روکا جائے گا، اسی لیے 12 جولائی کو ہی شہدا کی یادگار پر حاضری دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک جذباتی پیغام میں کہاکہ ہم جانتے تھے کہ کل ہمیں باہر نکلنے سے روکا جائے گا، اس لیے آج ہی 13 جولائی 1931 کو جمہوریت کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی یاد کو جان بوجھ کر مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے ، لیکن ان کی آواز ہر اُس کشمیری کے دل میں گونجتی ہے جو جھکنے سے انکار کرتا ہے ۔واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس سمیت دوسری سیاسی جماعتوں نے کل تیرہ جولائی کے پیش نظر مزار شہداء خواجہ بازار جانے کا من بنا لیا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی سیاسی پارٹی کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ جموں وکشمیر میں برسر اقتدار جماعت نیشنل کانفرنس کو کل مزار شہداء جانے کی اجازت دی جاتی ہے یا نہیں۔