پٹنہ۔6؍نومبر ( ایجنسیز) بہار انتخابات 2025 کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہوچکی ہے۔ تیجسوی یادو اپنے پورے خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچے اور پٹنہ ویٹرنری کالج میں اپنا ووٹ ڈالا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ 14 تاریخ کو نئی سرکار آ رہی ہے۔آر جے ڈی لیڈر اور عظیم اتحاد کی طرف سے وزیر اعلی عہدے کے امیدوار تیجسوی یادو نے ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ ‘میں بہار کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے حال اور مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے روزگار، تعلیم، اچھی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ووٹ دیں۔ہر ایک کو اپنے گھروں سے باہر نکلنا چاہئے اور تبدیلی، ترقی، نوکریوں کے لیے ووٹ دینا چاہیے۔ اس بار بدلاؤ ہوگا، عوام تبدیلی لائیں گے۔ رابڑی دیوی بھی اس موقعے پر اپنے خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچیں آر جے ڈی لیڈر رابڑی دیوی نے کہا کہ میں خواتین،نوجوانوں اور ہر ایک سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔ اس بار تبدیلی آئے گی، عوام تبدیلی لائیں گے۔ رابڑی دیوی نے اسی کے ساتھ اپنے دونوں بیٹوں تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کو بھی جیت کیلئے آشیرواد دیا۔لالو یادو ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا کے سامنے خاموش رہے۔ روہنی آچاریہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بہار کے لوگ ایسی حکومت کا انتخاب کریں گے جو روزگار فراہم کرے اور ڈبل انجن والی حکومت کو اکھاڑ پھینکے۔
رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی نے بھی ووٹ ڈالا۔آر جے ڈی ایم پی میسا بھارتی نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے مستقبل کے لیے، اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے سمجھداری سے ووٹ دیں۔ عظیم اتحاد کی حمایت کریں۔واضح رہے کہ تیجسوی یادو اپنی اہلیہ راجشری یادو سمیت اپنے پورے خاندان کے ساتھ پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ ڈالا۔ یہ پہلی بار ہے کہ انہوں نے بہار میں ووٹر کے طور پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انہوں نے اس موقعے پر میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا۔