14 لوک سبھا حلقہ جات میں کامیابی کیلئے متحدہ کام کرنے چیف منسٹر کا مشورہ

   

ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ کے قائدین کا اجلاس، انتخابی حکمت عملی کا جائزہ
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی مہم کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ ریونت ریڈی اپنی قیامگاہ پر روزانہ مختلف لوک سبھا حلقہ جات کے امیدواروں اور قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی مہم کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دے رہے ہیں۔ ظہیرآباد کے پارٹی امیدوار سریش شیٹکر کے علاوہ ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا، حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر، ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے قائدین کو بتایا کہ ریاست میں 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ چیف منسٹر نے قائدین کو مشورہ دیا کہ حکومت کی جانب سے پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے۔ حکومت نے کارکردگی کے 100 دن میں چھ کے منجملہ پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ چیف منسٹر نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اتحاد کو برقرار رکھیں اور کسی بھی سطح پر کیڈر میں اختلافات کی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں قومی قائدین کی شمولیت کو یقینی بنانے کی مساعی کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں اور مختلف اسکامس کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرائیں۔1