حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : دیوالی سے قبل ہونے والے مسافرین کے ہجوم کے پیش نظر ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے مختلف مقامات کے لیے 1400 اسپیشل ٹرینس چلانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ان اسپیشل ٹرینس میں مختلف کوچ کامپوزیشن بشمول ریز روڈ اور ان ریز روڈ دونوں کوچس ہوں گے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں کے مطابق تہوار کے پیش نظر اکٹوبر اور نومبر کے دوران دو تلگو ریاستوں کے درمیان کے علاوہ شمالی ہند کی ریاستوں جیسے بہار ، اترپردیش اور مشرقی ریاستوں مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کے سفر کے لیے مانگ میں اضافہ ہوتا ہے جس کے پیش نظر اسپیشل ٹرینس چلائی جائیں گی اور اضافی بکنگ کاونٹرس کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے بڑے ریلوے اسٹیشنس سے مشہور روٹس پر تروپتی ، نظام الدین ، وشاکھا پٹنم ، گورکھپور ، اگرتلہ ، راگزال ، ناگرسول ، دانا پور ، سانترا گاچی ، سریکاکلم اور دیگر سمتوں میں ٹرینس سروسیس چلائی جارہی ہے ۔۔